مبادلہ اورروس کے ڈائریکٹ سرمایہ کاری فنڈ کا تعاون کے چھ معاہدوں کا اعلان


ابوظہبی ، 16 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنی مبادلہ انوسٹمنٹ ، اور روسی ویلتھ فنڈ، ڈائریکٹ رشین سرمایہ کاری فنڈ ، آر ڈی آئی ایف نے 2013 میں شروع کردہ طویل مدتی سرمایہ کاری شراکت داری کے تحت باہمی تعاون کے چھ معاہدوں کا اعلان کیا ہے ۔ معاہدوں کا اعلان روسی صدر ولادیمیر پوتن کے متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے کے موقع پر کیاگیا۔مبادلہ اور آر ڈی آئی ایف کے درمیان پینتالیس سے زیادہ مشترکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت دو ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ اعلان کردہ چھ معاہدے روسی معیشت کے مرکزی شعبوں سے متعلقہ ہیں جن میں جدید ٹیکنالوجی ، مصنوعی ذہانت ، صحت عامہ ، نقل و حمل اور لاجسٹکس شامل ہیں۔ اس حوالے سے مبادلہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر ، خلدون خلیفہ المبارک نے کہا کہ "ہمیں آر ڈی آئی ایف کے ساتھ متحرک شراکت داری پر فخر ہے۔ آج اعلان کردہ باہمی تعاون کے معاہدے کثیر جہتی طاقت کا مظاہرہ ہیں۔ہم ان نئے اقدامات اور آر ڈی آئی ایف کے ساتھ اپنی پیداواری شراکت کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ "

آر ڈی آئی ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کریل دمتریوف نے کہا کہ "ہم مبادلہ کے شراکت داروں کے مشکور ہیں ۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم روس کے قومی منصوبوں خصوصاً مصنوعی انٹیلی جنس ٹیکنالوجی کے ترقیاتی اہداف کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کامیاب سرمایہ کاری کرتے رہیں گے۔ "

پہلے معاہدے کے تحت آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ مصنوعی انٹیلی جنس ، اے آئی ، پروجیکٹس پر خصوصی توجہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں روس کے قومی منصوبوں پر باہمی تعاون کے مواقع تلاش کریں گے۔ دونوں فریق روس کے پانچ سالہ اسٹریٹجک ترقیاتی منصوبے کے اہم شعبوں میں مشترکہ طور پر سرمایہ کاری منصوبوں پر عملدرآمد کریں گے۔ مفاہمت کی دوسری یادداشت کے تحت ، آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ روس میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے لئے تعاون کریں گے۔ مفاہمت کی تیسری یاداشت کے مطابق یہ دونوں کمپنیاں روس کی ووڈ ورکنگ کمپنی سویویزا کے ساتھ مل کر ایک نئے پلپ مل پروجیکٹ میں سرمایہ کاری پر غور کریں گی۔ توقع ہے کہ منصوبے کی کل لاگت دوارب اسی کروڑ ڈالر تک ہوگی۔ آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ ، نیفٹ ٹرانس سروس ، این ٹی ایس میں مشترکہ سرمایہ کاری پر بھی غور کر رہے ہیں جو ریلوے رولنگ اسٹاک کے حوالے سے روس کے سب سے بڑے آپریٹرز میں سے ایک ہے۔ یہ چوتھا معاہدہ آر ڈی آئی ایف کی سربراہی میں ایک کنسورشیم کا حصہ ہے ، جو این ٹی ایس کے رولنگ اسٹاک کے فلیٹ کی توسیع میں تیس کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ نے مصنوعی ذہانت پر مبنی چہرے کی شناخت کے نظام کے ادارے این ٹیک لیب کے ساتھ شراکت پر اتفاق کیا ہے۔اس مفاہمت کے تحت، آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ مشرق وسطی میں این ٹیک لیب کے کاروبار کوتوسیع دیں گے۔ مفاہمت کی چھٹی یاداشت کے تحت آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ نے لاجسٹک کی نئی سہولیات کی تعمیر کے لئے پروفیشنل لاجسٹکس ٹیکنالوجیز ، پی ایل ٹی ، پلیٹ فارم میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ فریقین ماسکو میں ایک نئی کلاس کے اے ملٹی ٹمپریچر مرکز اور متعلقہ انفراسٹرکچر کی تعمیر میں سرمایہ کاری کریں ۔ آر ڈی آئی ایف اور مبادلہ کے مابین باہمی شراکت داری دوہزار تیرہ میں شروع ہوئی تھی جب سات ارب ڈالر کا مشترکہ سرمایہ کاری پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا تھا۔ اس شراکت داری پر صدر پوتن کی موجودگی میں سینٹ پیٹرزبرگ میں دستخط کیے گئے تھے۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302795108

WAM/Urdu