چیچنیا کی معیشت میں عرب امارات کے معاون کردار پر روسی عہدیدار کا اظہار ستائش


بنسال عبدالقادر سے ماسکو ، 17 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ روس اپنے کاکس میں مسلم اکثریتی خودمختار علاقہ چیچنیا کی اقتصادی تعمیر نو میں متحدہ عرب امارات کے معاون کردار کو بھرپور سراہتا ہے ، یہ بات سینئر روسی پارلیمنٹیرین اور روسی پارلیمنٹ ڈوما کی کمیٹی برائے خارجہ امور کے چیئرمین لیونیڈ ایڈیورڈوچ سلتسکی نے ماسکو میں ڈوما کا دورہ کرنے والے عرب امارات کے میڈیا وفد سے گفتگو میں کہی – انکا کہنا تھا کہ چیچنیا اور عرب امارات کی قیادت کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں ، چیچنیا کی اقتصادی تعمیر نو میں عرب امارات نے جو کردار ادا کیا اس پر روس اسکا شکرگزار ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ چیچنیا کی معیشت ، روس میں تیزی سے ترقی کرتی معیشتوں میں تیزترین حیثیت رکھتی ہے ۔ اماراتی میڈیا کے وفد کا یہ دورہ ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے حالیہ دورہ عرب امارات کے بعد منعقد ہورہا ہے – روسی صدر کے اس دورے میں دونوں ممالک نے تعاون اور تعلقات کے فروغ کی خاطر متعدد معاہدوں کو انجام دیا جو کہ مختلف شعبوں سے متعلق ہیں اور اس کی وجہ سے دونوں ممالک میں سٹریٹجک شراکت داری مزید وسیع ہوگی – انٹرپرائز ڈویلپمنٹ کیلئے خلیفہ فنڈ ، کے ایف ای ڈی نے 2017ء میں چیچنیا کیلئے انٹرپریونرشپ کی تخلیق کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے زاید فنڈ بھی قائم کیا تھا ۔ یہ فنڈ ابوظہبی کے ولی عہد اور عرب امارات کی مسلح افواج کے نائب سپریم کمانڈر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النھیان کی ہدایت پر قائم ہوا تھا ۔ اس کیلئے 50 ملین ڈالر کی مالی معاونت کی گئی تھی ۔ زاید فنڈ نے مختصر عرصے میں چیچنیا کے اندر کاروباری اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ۔ چیچنیا کے صدر نے نومبر 2018ء اور اپریل 2019ء میں عرب امارات کے دورے کرکے شیں محمد بن زاید کے ساتھ ملاقاتیں اور مذاکرات کئے تھے – لیونیڈ ایڈیورڈوچ سلتسکی کا کہنا تھا کہ چیچنیا کے صدر رمضان قادروف نے عرب ممالک خصوصا عرب امارات کے ساتھ بہترین تعلقات کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ روس کی پارلیمنٹ عرب دنیا میں شیخ محمد بن زاید کے قائدانہ اور مثبت کردار کی معترف ہے ، وہ نہ صرف خلیج عرب بلکہ خطہ عرب کے اہم لیڈر ہیں ، روس اور عرب امارات تمام لوگوں کیلئے مذہبی اور نسلی آزادی کی خاطر رواداری کو فروغ دینے کیلئے کوشاں بھی ہیں – انہوں نے کہاکہ عرب امارات میں عیسائیوں کے چرچز بھی قائم ہیں جن میں خلیج کا روسی آرتھوڈوکس چرچ ، شارجہ میں موجود ہے ۔ بریفنگ کی سائیڈ لائن پر انہوں نے وام سے گفتگو میں کہاکہ وہ شارجہ میں واقع اس چرچ کا جلد دورہ کرنا چاہتے ہیں اور عرب امارات میں ایک اور چرچ کے قیام کے خواہشمند بھی ہیں – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302795517

WAM/Urdu