فرسٹ گلوبل چیلینج' کی میزبانی عرب امارات کے لئے باعث فخر ہے: ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی


دبئی ، 21 اکتوبر ، 2019 (وام) .. موسمیاتی تبدیلی اورماحولیات کے وزیر ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے متحدہ عرب امارات میں 'فرسٹ گلوبل چیلینج' کی میزبانی پر فخر کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے معاشرے کے تمام طبقات خصوصا نوجوانوں کو سائنس اور ٹکنالوجی پر زیادہ توجہ دینے کے لئے فراہم کردہ مدد اور تعاون نے متحدہ عرب امارات کو تمام شعبوں میں عالمی جدت کا مرکز بنادیا ہے۔ الزیودی نے کہا کہ سمندری مواقعوں کا انتخاب انتہائی مناسب وقت پر کیا گیاہے کیونکہ سمندر زمین کے تین چوتھائی حصوں پر محیط ہیں اور بےشمار وسائل سے مالا مال ہیں ، لیکن سمندروں کوماحولیاتی تبدیلی اور پلاسٹک کی آلودگی جیسے کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ'فرسٹ گلوبل چیلینج' اہمیت کا حامل ہے ، جو دنیا بھر سے ہزاروں تخلیقی اور باصلاحیت افراد کو ان چیلنجز سے نمٹنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات ماحولیات خصوصاًسمندری حیات کے تحفظ اور اپنے وسائل کی پائیداری کو یقینی بنانے کے لئے مقامی اور عالمی سطح پر کوشاں ہے کیونکہ سمندری حیات اپنے ماحولیاتی نظام کے لحاظ سے سب سے زیادہ وسائل کی حامل ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس فریم ورک کے اندر متحدہ عرب امارات نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں جن میں مصنوعی ذہانت جیسی جدید ترین ٹکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے نگرانی کے عمل سمیت ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے اور ہر طرح کی آلودگی کی سطح کو کم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ وزیر مملکت برائے امور نوجوانان شما بنت سھیل فارس المزروعی نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے 'فرسٹ گلوبل چیلینج' کی میزبانی کی اہمیت کو اجاگر کیا ، جو دنیا بھر کے نوجوانوں کو اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عرب امارات کی حکومت نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے ، اور مثبت تبدیلی کو یقینی بنانے کے لئے تخلیقی نظریات کی بنیاد پر ان کی ملازمت اور انویسٹمنٹ کرنے کے قابل بنائے گی۔ ترجمہ۔تنویر ملک http://wam.ae/en/details/1395302796315

WAM/Urdu