عرب امارات کا 2020 میں آراڈو کی 20ویں کانفرنس کی میزبانی کا اعلان


مراکش ، 21 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات ، عرب ریاستوں کی لیگ کے ادارے " عرب آرگنائزیشن فار ایڈمنسٹریٹو ڈویلپمنٹ " آراڈو ، کی 20ویں کانفرنس کی میزبانی کرے گا ۔ یہ کانفرنس ایکسپو 2020 دبئی میں ہونے والی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کا حصہ ہوگی جس میں عرب ریاستوں میں ترقی کے طریقہ کار کو طے کرنے پر غور کیا جائے گا - عرب امارات کی کابینہ کے جنرل سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق اس کانفرنس میں عرب ممالک کے سرکاری اور نجی شعبوں سے تعلق رکھنے والے حکام اور فیصلہ ساز شریک ہونگے ۔ اس کانفرنس کے موقع پر ترقی کے شعبے میں عرب ریاستوں کے تجربات اور مہارت کا تبادلہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر عرب ممالک میں تعاون کے کامیاب ماڈلز بھی پیش ہونگے جس کے ذریعے عرب ریاستوں میں تعاون اور تعلقات کے فروغ کی نئی راہیں کھلیں گی – اس امر کا اعلان مراکش میں آراڈو کی ہونے والی 19ویں کانفرنس کے موقع کی مناسبت سے کیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے آراڈو اور متحدہ عرب امارات کی وزارت کابینہ امور کے درمیان ایک ایم او یو پر بھی دستخط کئے گئے ۔ اس موقع پر عرب امارات کی کابینہ کے سیکریٹری جنرل عبداللہ بن طوق اور ڈی جی آراڈو ڈاکٹر ناصر الھتلان بھی موجود تھے – عبداللہ بن طوق نے اس موقع پر کہاکہ اس کانفرنس کی میزبانی کا اعلان عرب امارات کی اس پالیسی اور رویئے کا مظہر ہے جو وہ عرب خطے میں تعاون کیلئے رکھتا ہے ، عرب امارات مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسائل کے حل کے عمل میں معاون کردار ادا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید النھیان اور نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن زاشد المکتوم ملک میں ہر سطح پر ترقی کیلئے حکومتی امور کی راہیں متعین کرتےہیں ۔ انہوں نے آراڈو کی 20 کانفرنس کے متوقع شرکاء کی طرف سے کانفرنس کے مقاصد کے حصول میں بھرپور معاونت فراہم ہونے کے یقین کا اظہار بھی کیا – ڈاکٹر ناصر الھتلان نے کہاکہ عرب خطے کی پائیدار ترقی کیلئے عرب امارات بھی وہی نظریہ رکھتا ہے جو اس تنظیم کا ہے ، عرب امارات کی طرف سے اس بیسویں کانفرنس کے انعقاد کی میزبانی کرنا قابل ستائش اقدام بھی ہے – انہوں نے کہاکہ عرب امارات کو ترقی اور انسانی وسائل میں بہترین تجربات اور مہارت حاصل ہے ، اس بیسویں کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز ماہرین بھی شریک ہونگے اور یہ کانفرنس ایک بہت کامیاب موقع ثابت ہوگی – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302796296

WAM/Urdu