ڈی پی ورلڈ نے روانڈا میں کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم کا افتتاح کردیا


کیگالی ، روانڈا ، 21 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ عالمی تجارت کے مواقع فراہم کرنے والے ادارے ڈی پی ورلڈ نے اپنے کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم کا افتتاح کیاہے اس موقع پرروانڈا کے صدر پال کگامے ، اور ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم موجود تھے۔ 2018 سے تجرباتی بنیادوں پر کام کرنے والی اس سہولت کی سالانہ گنجائش پچاس ہزار ٹی ای یوز ہے۔ اس میں روانڈا کے کاروباری اداروں کے لئے سالانہ پانچ کروڑ ڈالر تک لاجسٹک اخراجات بچانے کی صلاحیت ہے۔ گزشتہ سال روانڈا کے دارالحکومت میں اپنے آپریشنزشروع ہونے کے بعد سے کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم کی وجہ سے ٹرک ٹرن اراونڈ ٹائم اوسطاً دس سے چودہ دن سے کم ہوکر صرف تین دن رہ گیا ہے۔ کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم افریقہ کے مرکز میں ایک گیٹ وے کے طور پر کام کرتا ہے ، جو روانڈا کو پڑوسی ممالک بشمول جمہوریہ کانگو ، برونڈی ، یوگنڈا ، تنزانیہ اور کینیا سے ملاتا ہے۔ یہ سہولت کینیا کی ممباسا بندرگاہ اور تنزانیہ میں دارالسلام تک بھی پہنچے گی جس سے سمندر میں دو تجارتی راستے میسر آئیں گے۔ کینیا کی ممباسا بندرگاہ سے ریلوے، روانڈا کے لئے یوگنڈا کے راستے گزرے گی جبکہ دارالسلام سے کیگالی تک ریلوے زیرتعمیر ہے ۔ اس کی آخری کارگو ریل سائڈنگ کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم میں ہوگی۔ کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم سے ریلوے کو منسلک کرنے سے ساحل پر بین الاقوامی گیٹ ویز کے ذریعے برآمدات اور درآمدات کے لئے رسد کے اخراجات حیرت انگیز طور پر کم ہوجائیں گے۔ اس وقت کیگلی سے دارالسلام تک کنٹینر لے جانے پر تین گنا زیادہ لاگت آتی ہے۔ افتتاح کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بن سلییم نے کہاکہ"ہم روانڈا اور افریقہ کے اس عظیم جھیلوں والے خطے کی معاشی صلاحیت پر یقین رکھتے ہیں۔ہمیں کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم کے افتتاح سے ہی اس کے کاروبار اور تاجر برادری کو ہونے والے فوائد سےخوشی ہے۔ "ہم روانڈا کی حکومت کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ رسد اور تجارت کے شعبے کو وسعت دی جاسکے ، روانڈا کے عوام کو بااختیار بناتے ہوئے افریقہ میں ایک کلیدی تجارتی مرکز کے طور پرملک کے مقام کو بڑھایا جاسکے۔"

پینتیس ملین ڈالر لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ منصوبہ ایک لاکھ تیس ہزار مربع میٹر پر محیط ہے ، جس میں بارہ ہزار مربع میٹر کنٹینر یارڈ اورانیس ہزار چھ سومربع میٹررقبے پر گودام کی سہولت شامل ہے۔ ڈی پی ورلڈ اور روانڈا حکومت کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم کے فیز 1.2 اور فیز 2 پر بھی کام کررہی ہے۔ بن سلیم نے کہا کہ "سمارٹ ویئر ہاوسنگ نظام کے ساتھ لاجسٹک کے نئے روٹس سے روانڈا کے کاروباری اداروں کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ اور معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔ کیگالی لاجسٹک پلیٹ فارم روانڈا میں تجارتی وسائل میں انقلاب برپا کرے گایہ صرف جمہوریہ روانڈا کے صدر پال کاگامے اور روانڈا کی حکومت کے تعاون اور مستقل حمایت کے ذریعہ ہی ممکن ہوا ہے"۔

ترجمہ۔تنویر ملک

http://wam.ae/en/details/1395302796319

WAM/Urdu