دبئی پولیس چیف کو ایکسپو 2020 کے انتظامات و تیاریوں پر بریفنگ


دبئی ، 22 اکتوبر ، 2019 (وام) ۔۔ ایکسپو 2020 کمیٹی کے ایگزیکٹو ایکشن پلان سے متعلق دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ خلیفہ المری کو بریفنگ دی گئی ۔ اس میں تین کلیدی شعبے شامل ہیں جن میں آپریشنز کا شعبہ ، سپورٹ و تعاون کا شعبہ اور مجرمانہ تحقیقات کا شعبہ شامل ہیں – میجرجنرل عبداللہ کو یہ بریفنگ ، سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی جو کہ دبئی پولیس آفیسرز کلب میں منعقد ہوا اور اس میں دیگر اعلی عہدیداروں اور سینئر حکام نے شرکت کی ۔ سکیورٹی کمیٹی میں گورننس ٹیم کے چیئرمین کرنل ڈاکٹر صالح الحمرانی نے انہیں ایکسپو کے مختلف ایونٹس کی سکیورٹی کے انتظامات سے بھی آگاہ کیا – میجرجنرل المری نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب میں کہاکہ اس ایکسپو کی سکیورٹی کیلئے مامور ہر عہدیدار کو ملکی قیادت کے نظریہ کے مطابق اپنے فرائض کی انجام دہی میں بھرپور صلاحیتوں اور کارکردگی کا اظہار کرنا چاہیئے ۔ انہوں نے ایکسپو کی سکیورٹی ذمہ داری کو قومی اہمیت کی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس میں شامل ہر فرد کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں امور انجام دینے چاہیئں ، یہ تمام تر پیشرفت عرب امارات کے عالمی کردار کو مزید اجاگر کرے گی –

ترجمہ ۔ تنویر ملک –

http://www.wam.ae/en/details/1395302796753

WAM/Urdu