تیسری سہہ ماہی 2019 میں ابوظہبی کے ہوٹلز نے 13 لاکھ مہمانوں کا خیرمقدم کیا


ابوظہبی ، 16 نومبر ، 2019 (وام) ۔۔ سال 2019 کی تیسری سہہ ماہی کے دوران ابوظہبی کے ہوٹلز میں ٹھہرنے والے مہمانوں کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ سے زیادہ رہی جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصہ سے 7ء1 فیصد زائد ہے ۔ یہ بات ابوظہبی کے محکمہ سیاحت و ثقافت ، ڈی سی ٹی ابوظہبی ، کی طرف سے جاری اعداد و شمار میں بتائی گئی – محکمہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سال 2019 میں اب تک ابوظہبی کے ہوٹلز میں ٹھہرنے والے مہمانوں کی کل تعداد 38 لاکھ ہوچکی ہے جوکہ گزشتہ سال کی نسبت 9ء2 فیصد زائد ہے ۔ رپورٹ کے مطابق تیسری سہہ ماہی میں ہوٹلز کا ریونیو 1ء1 ارب درہم رہا جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 7ء1 فیصد زیادہ ہے ، ہوٹلوں میں مقیم رہنے کی شرح 4 فیصد بڑھ کر 69 فیصد رہی ، اوسطا قیام کی مدت 6ء5 فیصد بڑھ کر 5ء2 راتیں رہیں – یہ اعداد و شمار اس شعبے کی کلیدی مارکیٹس کے تناظر میں حوصلہ افزا ہیں جس میں بھارت ، برطانیہ ، عمان اور سعودی عرب سے آنے والے مہمانوں کی تعداد زیادہ رہی اور جولائی سے ستمبر کے درمیان یہ تعداد زیادہ نظر آئی ۔ بھارتی مہمان 1ء8 فیصد ، برطانوی 3ء5 فیصد ، عمان سے 6ء18 فیصد اور سعودی عرب کے 1ء2 فیصد مہمان زیادہ آئے ۔ السعدیات جزیرہ اور ابوظہبی قومی نمائش مرکز ایدنک کے ہوٹلز میں مہمانوں کی آمد زیادہ رہی – سال رواں کی تیسری سہہ ماہی میں السعدیات جزیرہ کے ہوٹلز میں مہمانوں کی 3ء71 فیصد بڑھی جس میں 43 ہزار 976 مہمانوں نے اس عرصہ میں یہاں قیام کیا جبکہ اوسط قیام کی مدت 4ء13 فیصد بڑھ کر 5ء3 راتیں رہیں ۔ یہاں مقیم رہنے کی شرح 5ء20 فیصد بڑھی جس سے ریونیو میں 7ء48 فیصد اضافہ ہوا ۔ ایدنک میں یہ ریونیو 5ء33 فیصد بڑھا جبکہ اوسط قیام کی مدت 4ء30 فیصد بڑھ اور قیام کی راتوں کی شرح میں بھی 17 فیصد اضافہ ہوا – ان حوصلہ افزاء نتائج کی وجوہات میں ابوظہبی میں کئی عالمی اہمیت کے ایونٹس کا انعقاد بھی شامل ہے ، ان میں ابوظہبی شوڈاؤن ویک ، ابوظہبی فیملی ویک اور عیدالاضحی کی تقریبات شامل تھیں ۔ ڈی سی ٹی ابوظہبی کے انڈرسیکریٹری سیف سعید کا کہنا ہے کہ تیسری سہہ ماہی کے یہ نتائج محکمہ سیاحت و ثقافت اور اسکے سیاحتی فریقین کی جانب سے بہترین خدمات اور معیار کی فراہمی کی وجہ سے ہیں ، عموما موسم سرما سیاحت کے حوالے سے قدرے خاموش وقت ہوتا ہے لیکن یہ اعداد و شمار ابوظہبی کی عالمی سطح پر بڑھتی مقبولیت کا عکاس ہیں – انکا کہنا تھا کہ تیسری سہہ ماہی کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ رواں سال کے مجموعی نتائج مہمانوں کی آمد کے تناظر میں رکارڈ ساز ہونگے ، اندازہ ہے کہ رواں سال کے اختتام تک یہاں 51 لاکھ مہمان آکر ہوٹلوں میں قیام کرچکے ہونگے جوکہ گزشتہ سال 2018 کے مقابلے میں دو فیصد زیادہ ہونگے ۔ توقع ہے کہ ہوٹلز کے کمروں میں مقیم افراد کی تعداد 86 لاکھ رہے گی جوکہ گزشتہ سال کی نسبت 6ء5 فیصد زیادہ ہوگی – انہوں نے کہاکہ سال رواں کے باقی عرصہ میں دیگر بہت سے اہم ایونٹس ہونے جارہے ہیں جن میں فارمولا ون اتحاد ایئرویز ابوظہبی گرانڈ پری ریس ، ابوظہبی آرٹ ، ایڈیپک 2019 اور نیو ایئر کے موقع پر عالمی سپرسٹار برونو مارس کی شاندار پرفارمنس شامل ہیں ۔ تیسری سہہ ماہی کے نتائج میں دیکھا جائے تو مہمانوں کی آمد کے ذرائع میں بھارت سب سے بڑا رہا جہاں سے 3 لاکھ 21 ہزار سے زائد مہمان آئے جبکہ چین سے آنے والے مہمانوں کی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار رہی ، برطانیہ سے 1 لاکھ 90 ہزار سے زائد مہمان یہاں آکر مقیم ہوئے – ترجمہ ۔ تنویر ملک – http://wam.ae/en/details/1395302803242

WAM/Urdu