پیر 21 ستمبر 2020 - 1:01:06 صبح

دبئی مسلسل تیسرے سال سمندری صنعت کیلئے دنیاکےپانچ بہترین مقامات میں شامل


دبئی، 5 اگست،2020 (وام) ۔۔ دبئی نے کامیابی کے ساتھ انٹرنیشنل شپنگ سینٹر ڈویلپمنٹ، آئی ایس سی ڈی انڈیکس میں سمندری صنعت کے لئے دنیا کے پانچ بہترین مقامات میں مسلسل تیسرے سال اپنی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔ بالٹک ایکسچینج اور چین اقتصادی انفارمیشن سروس سے وابستہ لندن میں قائم بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ژنواکی ایک رپورٹ کے مطابق دبئی اس فہرست میں روٹرڈیم، ہیمبرگ، ایتھنز، نیو یارک، نیو جرسی اور ٹوکیو سے آگے ہے۔ تازہ ترین رپورٹ ایک بار پھر دبئی کے مقامی بحری ماحول کی مسابقت، دلکشی اور شمولیت کی نشاندہی کرتی ہے جس کا موازنہ دنیا کے بہترین ماحول سے کیا جاسکتا ہے۔ یہ کامیابی قومی قیادت کی طرف سے قانون ساز وریگولیٹری فریم ورک اور بنیادی ڈھانچے، سمندری خدمات اور رسد کی صلاحیتوں کو مسلسل بڑھانے کی ہدایت کے باعث ممکن ہوئی ہے اور یہ دبئی کے سمندری شعبے پر عالمی برادری کے اعتماد کو تقویت دینے میں بھی معاون ہے۔ انڈیکس معروضی معیار پر مبنی ہے جس میں بنیادی ڈھانچے کے معیار اور کارکردگی، بندرگاہ کی پیداواری صلاحیت، سمندری امدادی خدمات کا دائرہ کار اور کاروبار اور سرمایہ کاری کے ماحول کی مسابقت بھی شال ہیں ۔ دبئی پورٹس، کسٹمز اور فری زون اور دبئی میری ٹائم سٹی اتھارٹی کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ مسلسل تیسرے سال دبئی بحری شعبے کے پہلے پانچ مقامات میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تازہ ترین کامیابی قومی قیادت کی غیر متزلزل حمایت اور سمندری شعبے کے کی صلاحیت بڑھانے کے لئے سرکاری اور نجی شعبوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دبئی میری ٹائم سٹی اتھارٹی نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے وژن کے مطابق عالمی بحری منظرنامے پر دبئی کی مسابقت بڑھانے کا عمل جاری رکھے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہماری جامع حکمت عملی کا مقصد ایک پرکشش قانون سازی اور قانونی ڈھانچے کا قیام اور بحری سرگرمیوں کی بحالی، بندرگاہوں اور سمندری امدادی خدمات اور تکنیکی ترقی، جدت اور تحقیق کا فائدہ اٹھانا ہے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://www.wam.ae/en/details/1395302860509

WAM/Urdu