جمعہ 03 دسمبر 2021 - 2:50:22 صبح

شیخ محمد بن زاید کا ویٹیکن، روس اور عمان کے پویلینز کا دورہ


دبئی، 20 اکتوبر، 2021 (وام) ۔۔ ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان نے ایکسپو 2020 دبئی میں ویٹیکن، روس اور سلطنت عمان کے پویلینز کا دورہ کیا۔ ویٹیکن پویلین میں شیخ محمد کو ہولی سی کے خفیہ آرکائیو سے قدیم نسخوں سے آگاہ کیا گیا جو دنیا کے سب سے بڑے شو کے دوران پہلی بار نمائش کے لیے پیش کیے گئے ہیں۔ اس پویلین کا تھیم "رابطوں کو گہرا کرنا" تمام دنیا کے لوگوں، ثقافتوں اور مذاہب کے مابین مکالمے اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے اور بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔ روسی پویلین سرمایہ کاری اور پائیداری کے شعبے میں معاشی امکانات، روسی ثقافت اور ورثے کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے مہمات، صنعت کے شعبوں میں جدید ایجادات اور جدید روس کے نظاروں، آوازوں اور ذوق کا مجموعہ ہے۔ عمانی پویلین فرینکسنس ٹری سے متاثر ہے جو عمان کے اہم ترین قدرتی خزانوں میں سے ایک ہے اور عمانی ورثے کے ساتھ اس کا تاریخی تعلق ہے۔ پویلین عمانی مصنوعات کی نمائش کرتا ہے جو سلطنت کی قومی معیشت اور اس کے ترقیاتی سفر سے قریب سے جڑے ہوئے ہیں۔ شیخ محمد نے تینوں پویلینوں کی تنظیم اور مندرجات کی تعریف کی اور انسانیت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے اور یکجہتی، تعاون اور ہمدردی کی اقدار کو فروغ دینے کے لیے ان کے پیش کردہ جدید حل کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام حصہ لینے والے ممالک عالمی ایونٹ کی قدر میں اضافہ کر رہے ہیں اور یہ نمائش تمام شرکاء کے لیے اپنی قوموں کا ایک بہتر تشخص پیش کرنے اور گرین ٹیکنالوجی، پائیداری اور دیگر پہلوؤں کے شعبوں میں اپنے ممالک کے جدید اقدامات متعارف کرانے کا ایک منفرد موقع ہے۔ ابوظبی ایئر پورٹس کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن زاید آل نھیان، شیخ محمد بن حمد بن تہنون آل نھیان ، امریکہ میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف منی العطیبہ اور ابوظبی کے ولی عہد کے دیوان کے انڈر سیکرٹری محمد مبارک المزروئی بھی شیخ محمد کے ہمراہ تھے۔ ترجمہ: ریاض خان ۔ http://wam.ae/en/details/1395302983261

WAM/Urdu