ہفتہ 28 مئی 2022 - 10:55:15 صبح

فائیو جی ایئر نیویگیشن میں خلل کا باعث نہیں ہے: ٹی ڈی آراے


دبئی، 20 جنوری، 2022 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (ٹی ڈی آراے) نے فائیو جی کے اطلاق سے کچھ امریکی ہوائی اڈوں پعر پروازوں کی معطلی کی خبروں کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ یہ مسئلہ خصوصی طور پر متعلقہ امریکی ہوائی اڈوں سے متعلق ہے۔ جمعرات کو ٹی ڈی آر اے کے ایک بیان میں ا س بات کی توثیق کی گئی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں فائیو جی نیٹ ورکس اور ایئر نیویگیشن سسٹمز کے مابین کوئی رکاوٹ یا مداخلت نہیں پائی گئی ۔ اس بات کاذکر کرتے ہوئے کہ متحدہ عرب امارات میں فائیو جی اسٹیشن کئی سالوں سے متعدد جگہوں پر نصب ہیں، ٹی ڈی آر اے نے کہا کہ فضائی نیویگیشن سسٹم کی حفاظت پر کوئی منفی اثر نہیں پڑا ۔ ٹی ڈی آر اے کے فائیو جی منصوبوں کی بنیاد ان تحقیقی جائزوں پر ہے جن مین فریکوئینسیز کی حفاظت اور دیگر شعبوں پر ممکنہ اثرات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔ اتھارٹی اس سلسلے میں انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (آئی ٹی یو) کے منظور کردہ فیصلوں اور طریقہ کار کو مدنظر رکھتی ہے۔ ٹی ڈی آر اے نے بتایا کہ وہ اس معاملے میں جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) کے ساتھ رابطے میں ہے، جو خود بھی بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (آئی سی اے او) اور یورپی اور امریکی ایوی ایشن سیفٹی ریگولیٹری ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں رہتی ہے تاکہ اس تناظر میں حفاظت کی اعلیٰ سطح کو یقینی بنایا جا سکے۔ ترجمہ۔تنویر ملک https://wam.ae/en/details/1395303013204

WAM/Urdu