غزہ کے اماراتی فیلڈ ہسپتال نے زخمی فلسطینیوں کا علاج شروع کردیا

غزہ، 4دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ غزہ میں اماراتی فیلڈ ہسپتال نے طبی خدمات کا آغاز کردیا ہے اور پہلے ہی دن شدید فریکچر کے دو فلسطینی زخمیوں کا علاج کیا۔ ہسپتال میں داخل پہلا کیس 17 سالہ عبدالکریم وائل کاتھا جسے غزہ کے ابو یوسف النجر اسپتال سے منتقل کیا گیا تھا۔ اسےغزہ کی پٹی میں جاری لڑائی کے دوران بھاری کنکریٹ گرنے کے نتیجے میں دائیں ٹخنے میں فریکچر اور دائیں گھٹنے میں زخم آگیا تھا۔ مریض کو فریکچر کو مستحکم کرنے کے لیے فوری جراحی مداخلت کی ضرورت تھی اور وہ اپنے چچا کے ساتھ اماراتی ہسپتال میں تھا۔ دوسرا کیس ایک 13 سالہ نوجوان اسامہ برہوم کا ہے جسے غزہ کے یورپی ہسپتال سے منتقل کیا گیا تھا۔ اسےمیزائل کے ٹکڑے لگنےکی وجہ سے دائیں ران میں فریکچر ہوگیا تھااور فریکچر کو مستحکم کرنے کے لیے اسے سرجیکل علاج کی ضرورت ہے۔ یہ مریض ایک ساتھی کے ساتھ ہسپتال پہنچا تھا۔ غزہ کے فیلڈ ہسپتال میں خصوصی اماراتی میڈیکل ٹیم جو کہ مختلف طبی شعبوں میں اہل پیشہ ور افراد پر مشتمل تھی نے فوری طور پر دونوں کو علاج معالجہ فراہم کیا۔ غزہ میں فیلڈ ہسپتال نے متحدہ عرب امارات کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سرکاری طور پر اپنی طبی خدمات فراہم کرنا شروع کردی ہیں تاکہ فلسطینیوں کے مصائب کو کم کرنے اور غزہ کی پٹی میں صحت کے نظام کی مدد کی جاسکے جسےبے پناہ چیلنجوں کا سامنا ہے۔ ایک اماراتی میڈیکل ٹیم غزہ کے رہائشیوں کو امداد اور انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے 'گیلنٹ نائٹ 3' کے انسانی آپریشن کے حصے کے طور پر 150 بستروں سے زیادہ کی گنجائش والے اسپتال کی نگرانی کررہی ہے۔ ہسپتال میں جنرل سرجری، آرتھوپیڈکس، پیڈیاٹرکس، گائناکالوجی، اینستھیزیا اور بچوں اور بڑوں کے لیے انتہائی نگہداشت کے یونٹ شامل ہیں۔ اس سہولت میں مختلف طبی امدادی خدمات کے علاوہ اندرونی ادویات، دندان سازی، نفسیات، فیملی میڈیسن، اطفال اور زچگی کے کلینک بھی ہیں۔ مزید برآں ہسپتال میں سی ٹی سکین، ایکس رے اور ایک لیبارٹری سے لیس فارمیسی بھی ہے جس میں مختلف قسم کے ٹیسٹوں کے لیے جدید ترین ضروری آلات موجود ہیں ۔ ترجمہ: ریاض خان https://wam.ae/article/12lhh8a-emirati-field-hospital-gaza-starts-receiving