غزہ، 16دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کے ایک وفد متحدہ عرب امارات کی طر ف سے غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کو ضروری طبی علاج اور امداد فراہم کرنے کے لیے قائم کئے گئے فیلڈ ہسپتال کا دورہ کیا ہے۔
وفد نے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون برائے بین الاقوامی ترقیاتی امور کے معاون وزیر سلطان محمد الشمسی کی قیادت میں ہسپتال کا دورہ کیا اور زخمیوں اور مریضوں کا معائنہ کیا۔وفد کو ہسپتال کے آپریشنز کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
سلطان محمد الشمسی نے کہا کہ غزہ میں متحدہ عرب امارات کا فیلڈ ہسپتال انکے ملک کی طرف سے فراہم کی جانے والی طبی امداد کے فریم ورک کے اندر آتا ہے تاکہ غزہ کی پٹی کی موجودہ سنگین صورتحال سے متاثرہ غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جاری انسانی امداد بحرانوں سے متاثرہ اور ضرورت مندوں کو فوری مدد فراہم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کی گہری وابستگی کی عکاسی کرتی ہے۔ ایک اماراتی میڈیکل ٹیم غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے "گیلنٹ نائٹ 3" آپریشن کے تحت 150 بستروں سے زیادہ کی گنجائش والے اسپتال کی نگرانی کر رہی ہے۔
ہسپتال میں عام سرجری، بچوں کی سرجری اور ویسکولر سرجری سمیت مختلف قسم کی سرجری کرنے کے لیے لیس آپریٹنگ کمرے شامل ہیں۔ اس میں بالغوں اور بچوں کے لیے انتہائی نگہداشت کے یونٹ، ایک اینستھیزیا کا شعبہ، خصوصی کلینک بھی ہیں جن میں اندرونی ادویات، دندان سازی، آرتھوپیڈکس، سائیکاٹری، فیملی میڈیسن، پیڈیاٹرکس اور گائناکالوجی شامل ہیں ۔ ہسپتال سی ٹی ، ایکسرے اور فارمیسی خدمات پیش کرتا ہے۔
یہ ایک لیبارٹری سے بھی لیس ہے جس میں مختلف قسم کے ٹیسٹ کرنے کے لیے درکار جدید ترین آلات موجود ہیں جو بہترین بین الاقوامی معیارات اور پروٹوکول کے مطابق اپنے مریضوں اور مستحقین کو جامع دیکھ بھال فراہم کرنے کی اس کی صلاحیت کو بڑھاتا ہے۔
ترجمہ: ریاض خان