میڈیا تمام شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی ترقی کا ایک اہم محرک ہے: صقر غوباش

دبئی، 21دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ فیڈرل نیشنل کونسل (ایف این سی) کے سپیکر صقر غوباش نے تمام شعبوں میں متحدہ عرب امارات کی ترقی کے محرک کے طور پر قومی میڈیا کے کلیدی کردار کو سراہا ہے۔

دبئی میں ایف این سی جنرل سیکرٹریٹ کی جانب سے ’ایتھرا‘ اقدام کے تحت ’میڈیا کے شعبے کو حرکت دینے کی مہارت‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں اپنی شرکت کے دوران انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا میڈیا اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ مہارت اور دیانتداری کے ساتھ اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور معاشرے کے تحفظ اور استحکام کو برقرار رکھنے سے متعلق شعبوں میں اس کا واضح اثر ہے۔

انہوں نے پارلیمانی کمیونٹی کے لیے ایک اسٹریٹجک پارٹنر کے طور پر میڈیا کے کردار پر بھی روشنی ڈالی اور ایف این سی کے قانون سازی کے تمام ابواب میں پارلیمانی کام کی حمایت کرنے، کونسل اور معاشرے کے مختلف طبقات کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے اور فیصلہ سازی کے عمل میں عوام کو شامل کرنے میں میڈیا کے کردار کو اجاگر کیا۔

ماہرین کے ایک گروپ کے ساتھ ورکشاپ میں ایف این سی کے اراکین کے لیے رابطوں اور میڈیا کی موجودگی اور عوام اور میڈیا آؤٹ لیٹس کےدرمیان رابطوں اور اہم موضوعات جیسےمیڈیا کے بحران اور ان کا انتظام اور ان سے نمٹنے کا طریقہ، ٹیلی ویژن انٹرویوز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کمیونٹی کی مصروفیت کی اہمیت پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

صقر غوباش نے ایف این سی کے اٹھارویں قانون ساز باب کے دوران کونسل کے اراکین کے پارلیمانی علم کو بڑھانے اور انہیں مختلف شعبوں میں اعلیٰ ترین کارکردگی کے ساتھ کارکردگی دکھانے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے "ایتھرا" اقدام کا آغاز کیا۔

ترجمہ؛ ریاض خان