عبداللہ بن زاید،ترک وزیر خارجہ کاغزہ میں علاقائی صورتحال، امداد کی فراہمی پر تبادلہ خیال

ابوظبی، 24دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے ترکی کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کے ساتھ ٹیلی فون پر مشرق وسطیٰ کی تازہ ترین صورتحال اور اسکے مختلف اثرات خاص طور پر غزہ میں انسانی بحران پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں وزراء خارجہ نے پائیدار جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو تقویت دینے کے علاوہ موجودہ بحران سے متاثرہ تمام شہریوں کے تحفظ اور غزہ کے لوگوں کوفوری طور پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے قرارداد 2720 کا بھی جائزہ لیا جسے متحدہ عرب امارات نے پیش کیا تھا اور اسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے منظور کیا تھا۔ انہوں نے غزہ کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو مربوط اور پائیدار طریقے سے تیز رفتاری سے ہموار کرنے کا بھی جائزہ لیا۔

شیخ عبداللہ نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال غزہ کے لوگوں کی ضروریات اور ان کے مصائب کو دور کرنے کے لیے فوری انسانی امداد کی حمایت کے لیے عالمی برادری کی مشترکہ کوششوں کی متقاضی ہے۔ انہوں نے تمام شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں انتہا پسندی، کشیدگی اور بڑھتے ہوئے تشدد کے خاتمے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو تیز کرنے کی ضرورت کی طرف اشارہ کیا۔

شیخ عبداللہ اور فیدان نے دونوں ممالک کے درمیان ابھرتے ہوئے اسٹریٹجک تعلقات اور اپنے عوام کے درمیان رابطوں کے فروغ اور ان کی ترقی کی خواہشات کو پورا کرنے میں انکی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ترجمہ: ریاض خان