متحدہ عرب امارات کے ڈی سیلینیشن پلانٹس سے غزہ کو پینے کے پانی کی فراہمی شروع

رفح، 27 دسمبر، 2023 (وام) ۔۔ امدادی آپریشن 'گیلنٹ نائٹ 3' کے تحت متحدہ عرب امارات کی جانب سے مصرمیں رفح سے اماراتی ساختہ ڈی سیلینیشن پلانٹس کے ذریعے غزہ کی پٹی کو پینے کے پانی کی فراہمی شروع ہوگئی ہے۔

اس اقدام سے مستفید ہونےوالےغزہ کی پٹی کے رہائشیوں نے متحدہ عرب امارات کی اس کوشش کا شکریہ ادا کیا ہے، جس سے پینے کے صاف پانی تک رسائی میں ان کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔

'گیلنٹ نائٹ 3' امدادی آپریشن کے تحت رفح میں متحدہ عرب امارات کے پلانٹس سے غزہ میں فلسطینیوں کو صاف پانی کی فراہمی کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا گیا۔ اس کے لیے ڈی سیلینیشن پلانٹس تک 900 میٹر پائپ لائن بچھائی گئی ۔ اس کے بعد، اسے رفح میں فلسطینی واٹر اتھارٹی نے پائپ لائن کو مصری سرحد پر غزہ کے پانی کے نیٹ ورک سے جوڑ دیا۔

تین آپریشنل پلانٹس روزانہ تقریباً 6لاکھ گیلن پانی صاف کرتے ہیں، جسے پائپ لائنوں کے ذریعے غزہ تک پہنچایا جاتا ہے تاکہ تقریباً 3لاکھ فلسطینیوں کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

متحدہ عرب امارات نے 5 نومبر 2023 کو غزہ میں فلسطینی عوام کو امداد فراہم کرنے کے لیے 'گیلنٹ نائٹ 3' امدادی آپریشن شروع کیاتھا۔


ترجمہ۔تنویرملک