ابوظبی ، یکم جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے الوتبہ علاقے میں شیخ زاید فیسٹیول نے نئے سال 2024 کو غیر معمولی شوز اور خصوصیات کے ساتھ منایا اور شاندار آتش بازی کےمظاہرےاور 60 منٹ کےڈرون شوکے ذریعے 4 گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑے۔ اس موقع پربین الاقوامی پرفارمنس اور پروگراموں کے ساتھ سیاحوں کے لیے ایک خوشگوار اور ثقافتی ماحول قائم کیا گیا۔
فیسٹیول میں نئے سال کی تقریبات، سرگرمیوں اور پرفارمنس دیکھنے کے لیے بین الاقوامی سطح پر ایک بڑی شرکت دیکھی گئی۔ 40 منٹ کے آتش بازی کے مظاہرےنے 3 گنیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیے جبکہ 5000 سے زیادہ ڈرونز نے آسمان پر شاندار فارمیشنز تخلیق کرکے سب سے بڑے فضائی لوگو کا ایک اور ریکارڈ قائم کیا۔
خطے کے پہلے انوکھےلیزر شو نےنئے سال کے آغاز کے لیے متحرک رنگوں اور شام کی پرسکون تالوں کے ساتھ فیسٹیول کے زائرین کو مسحور کر دیا۔ ایمریٹس فاؤنٹین، گلوئنگ ٹاورز گارڈن اور مختلف پویلینز میں دنیا بھر سے لوک داستانوں کی پرفارمنس کے ساتھ خصوصی شوز ہوئے۔
فیسٹیول کا پورا میدان ان سیاحو ں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا جو بین الاقوامی تقریبات کا تجربہ کرنے آئے تھے۔ انہوں نے خاص طور پر ہیریٹیج ولیج اور مختلف پویلینز میں پیش کیے گئے خصوصی تفریحی پروگراموں میں گہری دلچسپی لی۔ چلڈرن سٹی تفریحی تہواروں میں بچوں کے لیے خصوصی سرگرمیوں کے ساتھ شامل ہوا۔
نئے سال کی خوشی میں مستند امریکی، میکسیکن اور یوکرائنی بینڈز کی جانب سے پیش کیے جانے والے اسپارکلنگ اور کنفیٹی شوز سمیت خصوصی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے ہزاروں زائرین ایمریٹس فاؤنٹین کے گرد جمع ہوئے۔ اس سال شرکت کرنے والے ممالک پر مشتمل بین الاقوامی پویلینز نے کارنیوال شوز اور لوک داستانوں کی پرفارمنس سے لطف اندوز ہونے کے لیے دنیا بھر سے ایک بڑے ہجوم کا خیرمقدم کیا۔
بین الاقوامی تہذیبوں کی پریڈ فیسٹیول کے میدانوں میں گھومتی رہی جس نے فیسٹیول کے ہر کونے میں پھیلی تقریبات میں ایک منفرد روح پھونک دی۔ اس سے ہزاروں تماشائیوں کو ایک ہی جگہ پر کثیر ثقافتی تہواروں کا مشاہدہ کرنے کا موقع ملا جو دنیا کی تہذیبوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ شیخ زاید فیسٹیول مقامی اور بین الاقوامی ریستورانوں سے کھانے کے نئے تجربات کےساتھ خریداری کے لیے سیل اور بونس سرپرائز بھی پیش کرتا ہے۔ یہ میلہ روزانہ کے اوقات شام 4 بجے سے 9 مارچ 2024 تک جاری رہے گا۔
ترجمہ: ریاض خان