میک-اے-وش فاؤنڈیشن نے 28 قومیتوں کے 712 لڑکوں اور لڑکیوں کی دلی خواہشات کو پورا کیا

ابوظہبی، 2 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے صدر کے مشیر عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن خلیفہ النہیان کی اہلیہ اور میک-اے-وش فاؤنڈیشن کی اعزازی صدر عزت مآب شیخہ شیخہ بنت سیف بن محمد النہیان نے ملک کے اندر اور باہر بیمار بچوں اور ان کے خاندانوں کی خوشی کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی کوششوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونے کے فاؤنڈیشن کے عزم پر زوردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فاؤنڈیشن کا جاری مشن مریضوں میں خوشی اور امید، طاقت اور ہمت کو فروغ دینا ہے۔ میک-اے-وش فاؤنڈیشن میں، ہم صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی طرف سے اعلان کردہ پائیداری سال میں بلا تفریق سب کے لیے پائیدارخوشی اور مسرت پید اکرنے کےاہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2023 کے دوران، فاؤنڈیشن نے ملک کے اندر اور باہر 28 قومیتوں کے 712 لڑکوں اور لڑکیوں کو خوشی اور امید دلائی ہے ، جو تقریباً 98 جان لیوا دائمی بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

شیخہ شیخہ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا عظیم انسانی مشن کبھی ختم نہیں ہوگا، اور ہماری فاؤنڈیشن قطع نظر مقامات یا قومیتوں کے بیمار بچوں کی خواہشات کو پورا کر رہی ہے۔ 2023 کی کامیابی نے ہمیں نیا جوش اور ولولہ دیا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں307 افراد ، اردن میں 217 اور مصر میں 188 افراد کی دلی خواہشات کو پورا کیا گیا ہے ۔ ہم مزید کامیابیوں اور دنیا بھر میں مہلک بیماریوں سے لڑنے والے بچوں کے لیے خوشیاں لانے کے لیے اپنے فلاحی کام کو وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔

فاؤنڈیشن کا مشن نہ صرف سنگین بیماریوں میں مبتلا بچوں کی خواہشات کو پورا کرنا ہے، بلکہ اس کا مقصد ان بچوں کے یقین کو مضبوط کرنا ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک