دبئی، 2 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے 40 علاقوں اور گلیوں کے لیے اسٹریٹ لائٹنگ پروجیکٹ کا 278 ملین درہم مالیت کا ٹھیکہ دیا ہے۔ یہ منصوبہ اسٹریٹ لائٹنگ پلان 2023-2026 کا حصہ ہے، جس کا مقصد سڑکوں کے نیٹ ورک کی سہولیات کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہے تاکہ دبئی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو جاری اور شہری توسیع اور آبادی میں اضافے کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکے۔
ڈائریکٹر جنرل، اور آر ٹی اے کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے چیئرمین مطر الطایر نے 2023-2026 کے لیے اسٹریٹ لائٹنگ پلان کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا بنیادی مقصد استعمال کرنے والوں بشمول گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے ٹریفک کے تحفظ اور حفاظت کو بہتر بنانا ہے۔ اس منصوبے کو شامل علاقوں میں رہائشیوں اور زائرین کی فلاح و بہبود کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ ان علاقوں کا انتخاب ٹریفک سیفٹی اور سیکورٹی کے معیارات، ٹریفک حجم اور شہری ترقی کی رفتار کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیاہے۔
انہوںے کہا کہ ہم نے توانائی کے موثر استعمال کے بہترین طریقوں کو لاگو کیا ہے اور آر ٹی اے کے اسٹریٹجک مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے ماحول دوست معیشت کی حمایت کی ہے۔ ہم نے جدید ترین سمارٹ اور پائیدار روشنی کی ٹیکنالوجیز کا استعمال کیا ہے جو خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے موسمی حالات کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ روشنی کے اس جدید نظام میں توانائی کی بچت والی ایل ای ڈی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے جو روایتی لائٹنگ یونٹس کے مقابلے میں متعدد فوائد فراہم کرتا ہے۔ وہ توانائی کی کھپت میں 55فیصد کمی اور چلنے میں 173فیصد زیادہ ہے اس سے لیمپ کو بار بار تبدیل کرنے کی ضرورت کم ہوجائے گی۔
اسٹریٹ لائٹنگ کے تحت،آر ٹی اے نے 2023 میں القصیص انڈسٹریل ایریاز 1 سے 5 اورالیسیلی اور لہباب 1 اور 2 کے لیے اسٹریٹ لائٹنگ پروجیکٹس کو ڈیزائن کرنے اور ان پر عمل درآمد کرنے پر کام شروع کیا یہ پروجیکٹ اب تقریباً مکمل ہوچکا ہے۔
2024 کے دوران، سٹریٹ لائٹس کی تنصیب کو مردف ، الباحہ ،عود ميثاء ، الوحدہ، الحدیبہ، السطوہ ، ابو هيل اور البداع میں پہلے سے غیر روشن سڑکوں کے لیے مکمل کیا جائے گا،مزید برآں، ام سقیم 1، 2 اور 3، الصفا 1 اور 2، المنارہ ، المریال ریزرو اسٹریٹ اور المنہاد ایئر بیس کی سڑک پر لائٹس لگائی جائیں گی ۔ اس منصوبے میں جمیرا میں سڑکیں اور پارکنگ ایریاز بھی شامل ہیں۔
2025 میں، ام الشیف، الصفوح 1، القوز رہائشی علاقے 1 اور 3، ند الحمر، اور العویر 2 میں سٹریٹس لائٹس لگائی جائیں گی ۔ 2026 میں، اس منصوبے کو الممزر، عود المطينہ اور مختلف گلیوں، القرهود ، الطوار، حصيان، الجافلیہ، المرموم، القصيص 1 اور 2، ند الشبا 1، الورسان 2، ہند سٹی، بزنس بے، ام رمول، راس الخور انڈسٹریل ایریا 1 اور 2 میں پارکنگ کی جگہوں ، اور راس الخور انڈسٹریل ایریا 3 اسٹریٹ تک توسیع دی جائے گی۔
ترجمہ۔تنویرملک