گزشتہ سال57,000 نئے سرمایہ کار دبئی فنانشل مارکیٹ میں آئے، نئے کھاتوں میں 12.5 فیصد اضافہ ہوا

ابوظبی ، یکم جنوری ، 2024 (وام) ۔۔دبئی فنانشل مارکیٹ (ڈی ایف ایم ) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ڈی ایف ایم میں بروکریج فرموں نے 2023 میں 57,054 نئے سرمایہ کار اکاؤنٹس کھولے جو پچھلے سال کے مقابلے میں 12.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔

یہ نمو متعدد عوامل بشمول سرکاری اور نیم سرکاری کمپنیوں کی فہرست سازی کے اعلان کے بعد سے مارکیٹ میں مضبوط رفتار اور آن لائن ٹریڈنگ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کی وجہ سے ہوئی۔ نئے اکاؤنٹس سال کے مہینوں میں دسمبر میں 184% کی نمایاں اضافہ کے ساتھ تقسیم کیے گئے جب 6,088 نئے اکاؤنٹس کھولے گئے۔

اس کی وجہ دبئی ٹیکسی کارپوریشن کی ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے لیے سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست مانگ تھی۔ نئے سرمایہ کاروں کے کھاتوں میں اضافے سے دبئی کی مالیاتی مارکیٹ کو تقویت ملتی ہے جس سے زیادہ لیکویڈیٹی اور تجارتی سرگرمیوں کے امکانات شامل ہوتے ہیں۔

اس دوران دبئی فنانشل مارکیٹ میں کام کرنے والی 29 بروکریج فرموں نے 2023 میں 3.83 ملین سے زیادہ لین دین کیے جو 2022 کے 2.88 ملین کے مقابلے میں 32.7 فیصد زیادہ ہے۔

ترجمہ: ریاض خان