روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے لیے متحدہ عرب امارات کی ثالثی کی کوششیں کامیاب ہوگئیں

ابوظہبی، 3 جنوری، 2023 (وام) ۔۔ وزارت خارجہ نے روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے حوالے سے متحدہ عرب امارات کی ثالثی کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔

وزارت نے کہا کہ ثالثی کی کوششوں کی کامیابی متحدہ عرب امارات کے روس اور یوکرین دونوں کے ساتھ مضبوط دوستانہ تعلقات کی عکاسی ہے، جنہیں اعلیٰ سطح پر مسلسل رابطوں کی حمایت حاصل ہوئی، اور جس کے نتیجے میں ایک جنگ کے آغاز کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کا سب سے بڑا تبادلہ ہوا ہے۔

وزارت نے روس اور یوکرین کی حکومتوں کی جانب سے جاری جنگ کی وجہ سے درپیش چیلنجز کے باوجود قیدیوں کے تبادلے کے عمل کو کامیاب بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی ثالثی کی کوششوں کے لیے تعاون اور ردعمل کو سراہا۔
وزارت نے یوکرین تنازعے کا پرامن حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سفارتی حل، بات چیت اور کشیدگی میں کمی کے لیے اپنے موقف اور اس کے نتیجے میں بحران سے انسانی ہمدردی کے اثرات میں کمی کےلیے تمام اقدامات کی حمایت کرنے کی اپنی کوششوں پر زور دیا۔


ترجمہ۔تنویرملک