دبئی، 4 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر،وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے 2033 تک کی دہائی کے لیے خاندان: ہماری قوم کی بنیاد'کے عنوان سے دبئی سوشل ایجنڈا 33 کا آغاز کیا ہے۔
دبئی سوشل ایجنڈا 33 کا آغاز عزت مآب شیخ محمد کی ہر سال 4 جنوری کو امید افزا قومی پروگراموں اور منصوبوں کی نقاب کشائی کرنے کی روایت کا حصہ ہے، جو دبئی کے حکمران کا عہدہ سنبھالنے کی سالگرہ بھی ہے۔
عزت مآب شیخ محمد نے کہا کہ جیسا کہ ہر سال 4 جنوری کو امید افزا قومی پروگراموں اور منصوبوں کا اجرا کرنا ہمارا رواج بن گیا ہے، آج ہم دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے اجراء کا اعلان کرتے ہیں۔ آئندہ دہائی کے دوران دبئی کی کمیونٹی کے لیے ہمارے منصوبے کا تھیم 'فیملی: دی فاؤنڈیشن آف آور نیشن 'ہے اور اس کا بجٹ 2033 تک 208 ارب درہم ہے۔ اس کا ہدف دبئی میں اماراتی خاندانوں اور ان کی زندگی کے تمام پہلووں بشمول رہائش، معیار زندگی، شناخت و اقدار کے لحاظ سے، سماجی ہم آہنگی اور صحت کے ساتھ ساتھ نئی نسل کو مستقبل کی مہارتوں سے آراستہ کرناہے۔
عزت مآب نے مزید کہا کہ ہم ایک دہائی کے اندر اماراتی خاندانوں کی تعداد کو دوگنا کرنے، دنیا کے اعلیٰ ترین معیار زندگی کے حامل رہائشی علاقے فراہم کرنے اور نوجوان نسل کو منفی خیالات سے محفوظ رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں جو ہمارے خاندانوں کے استحکام کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔
عزت مآب نےکہا کہ دبئی کے سماجی ایجنڈے میں مختص بجٹ کی بنیاد پر واضح مقاصد اور پروگراموں کا خاکہ پیش کیا گیا ہے اور اس کی نگرانی میرے بیٹے حمدان، مکتوم، احمد اور ان کے بھائی کریں گے جو دبئی کے بڑے خاندان کےطور پر پلے بڑھے ہیں اور اس کی فلاح و بہبود کا سب سے زیادہ خیال رکھیں گے۔
شیخ محمد نے کہاکہ ہماری قوم محض عمارتیں اور اعداد و شمار نہیں ہیں۔ یہ خاندانوں اور لوگوں سے تشکیل پائی ہے۔ ہر ذمہ دار کے لیے میرا پیغام ہے کہ اگلے مرحلے کے لیے ہماری ترجیح اپنے خاندانوں کی حفاظت، بااختیار بنانا اور مدد کرنا ہے،
عزت مآب نے کہا کہ آج ہم خاندان کو مرکزی حیثیت میں رکھتے ہوئے اس کی تشکیل اور اقدار،اس کے تحفظ اور اس کی مضبوطی،اس کی صحت اور تعلیم کو مقدم رکھتے ہوئے دبئی سوشل ایجنڈا 33 شروع کر رہے ہیں۔کیونکہ خاندان قوم کی بنیاد ہے، اور ہمارا وژن صحت مند مستحکم خاندان بنانا ہے جو ایک ایسی نسل کی پرورش کرنے کے قابل ہو جو اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتی ہو، اپنی شناخت سے جڑی اور مستقبل کے لیے تیار ہو۔
شیخ محمد نے کہا کہ ہمارا مقصد دبئی کو معیار زندگی کے لحاظ سے دنیا کے سرفرست 3 شہروں میں شامل کرنا ہے۔ ہمارا مقصد دبئی کے خاندانوں میں سماجی ترقی کو تیز کرنا ہے۔ ہم نے 2033 تک سماجی ایجنڈے کو 208 ارب درہم تک لاگو کرنے کے مقصد سے حکومتی تعاون کو دوگنا کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ حمدان بن محمد اور مکتوم بن محمد کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ ایجنڈے پر عمل درآمد کی نگرانی کریں۔
دبئی سوشل ایجنڈا 33 دبئی اکنامک ایجنڈا (ڈی 33) کے مقاصد کی تکمیل ہے، جس میں پائیدار سماجی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، اور ایسی خدمات کی فراہمی جو افراد کو براہ راست فائدہ پہنچاتی ہے اور صحت ، رہائش، تعلیم، ثقافت، کھیلوں کے حوالے سے ان کی توقعات کو پورا کرتی ہے۔
جدید پروگرام
دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے شہریوں کو فوقیت دینااور ان کی فلاح و بہبود اور خاندانی استحکام کو بڑھانا ایک ترجیح ہے جو شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کی عکاسی ہے۔جن کا خیال ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری کو پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہونا چاہئے ۔
عزت مآب شیخ حمدان نےکہا کہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 خاندان کی خوشی اور ہم آہنگی، رہائش کے اعلیٰ ترین معیارات، صحت اور ایک جدید تعلیمی نظام کے حوالے سے دبئی کے وژن کو حاصل کرنے کی طرف ہمارا روڈ میپ ہے جو اس کی قومی شناخت سے سب سے زیادہ جڑی ہوئی ایک روادار کمیونٹی کے لیے دبئی کی مستقبل کی امنگوں کو پورا کرتا ہے۔
لوگوں میں سرمایہ کاری
دبئی کے اول نائب حکمران، نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ عزت مآب شیخ مکتوم بن محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا کہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 اور دبئی اکنامک ایجنڈا (ڈی33) کے مقاصد پائیدار ترقی اور لوگوں میں سرمایہ کاری کے لیے شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کی عکاسی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی تکمیل کرتے ہیں۔
شیخ مکتوم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے لیے مختص بجٹ، 2033 تک 208 ارب درہم ہے جو ہر شہری کے لیے سماجی کام اور صلاحیت کی تعمیر کے حوالے سے پیش رفت میں حصہ ڈالے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ "مقاصد اور توجہ کے شعبوں میں توازن رکھتے ہوئے، دبئی سوشل ایجنڈا دبئی میں زندگی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ اور موجودہ اور مستقبل میں شہریوں کے تمام خدشات کو دور کرے گا ۔
ڈرائیونگ ڈویلپمنٹ
دبئی کے دوسرے نائب حکمران عزت مآب احمد بن محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 دبئی کے شہریوں کو اعلیٰ ترین معیار زندگی فراہم کرنے کے لیے ہر ممکنہ کوشش کے عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم کے وژن کی عکاسی ہے۔
انہوں نے کہاکہ دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے اغراض و مقاصد دبئی کی جامع ترقی پر مثبت اثات مرتب کریں گے ، اس مستقبل کو بنانے میں معاون ثابت ہوں گے جس کی ہمارے شہری خواہش رکھتے ہیں، اور دنیا بھر میں رہنے اور کام کرنے کے لیے ایک پسند کے شہر کے طور پر دبئی کی حیثیت کومستحکم کریں گے۔
پانچ مقاصد
دبئی سوشل ایجنڈا 33 پانچ اہم مقاصد پر مشتمل ہے، جن میں سے پہلا مقصد خوشی سے بھرپور، ہم آہنگ اور روادار خاندانوں کو فروغ دینا ہے جو مقامی اقدار اور اپنی قومی شناخت سے اچھی طرح جڑے ہوئے ہوں۔ اس کا مقصد دبئی کے شہریوں کو بااختیار بنانا، خود کفالت اور مالی آزادی کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانا اوراماراتی شناخت اور ثقافت کی حفاظت اور اسے فروغ دینا ہے۔
دوسرا مقصد صحت مند طرز زندگی کو فروغ دے کر (جسمانی سرگرمیوں، اچھی غذائیت اور دماغی صحت پر توجہ کے ساتھ)، صحت کی سستی سہولیات ، احتیاطی اور ہائبرڈ (جسمانی اور ذہنی) صحت کی خدمات کے معیار کو بہتر بنا کر صحت کے انتہائی موثر نظام کی تعمیر پر توجہ دینا ہے۔
دبئی سوشل ایجنڈا 33 کا تیسرا مقصد ایک ایسا تعلیمی نظام تشکیل دینا ہے جو دبئی کی مستقبل کی امنگوں کو پورا کرتا ہو اور متنوع پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلیٰ معیار کی، سستی تعلیم کے ذریعے اس کے انسانی سرمائے کو ترقی دے کر طلباء کو مستقبل کی مہارتوں سے آراستہ کرتا ہو۔
دبئی سوشل ایجنڈا کا چوتھا مقصد زیادہ فعال اور موثر سماجی نظام کی تشکیل ہے جو افراد کو تحفظ دیتے ہوئے انہیں بااختیار بنائے، کمیونٹی کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم اور انفرادی اور ادارہ جاتی سطحوں پر سماجی اور انسانی امور کے ساتھ ساتھ رضاکارانہ سرگرمیوں کو فروغ دیتاہو۔
بہترین زندگی گزارنے کا تجربہ، رہائشی خدمات، ثقافتی اور کھیلوں کی سرگرمیاں پیش کرنے والا شہر دبئی سوشل ایجنڈا کے پانچویں مقصد کا مرکز ہے۔ اس مقصد کے لیے، مناسب رہائش تیارکرنا، مسابقتی ثقافت اور فنون کو فروغ دینا، بنیادی ڈھانچے اور خدمات کو بہتر بنانا ہے جو کھیلوں کے ٹیلنٹ کو دریافت کرنے میں مدد کرتے اور کھیل میں کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ اس کا مقصد اماراتی ثقافتی، تعمیراتی اور ماحولیاتی وراثت کو بھی اجاگر کرنا ہے۔
اہم خدوخال
208 ارب درہم مالیت کی حکومتی مدد کے ساتھ - جو گزشتہ دہائی کے سماجی ایجنڈے کے لیے مختص کردہ مالی مدد سے دگنی سے بھی زیادہ ہے - دبئی سوشل ایجنڈا 33 دو اہم ستونوں صحت اور کمیونٹی کی ترقی کے تحت کام کرے گا۔
صحت کی خدمات اور سہولیات کے حوالے سے حکومتی فنڈنگ 2014 اور 2023 کے درمیان 66 ملین درہم سے 1.8 گنا بڑھ کر اگلی دہائی کے لیے 2033 تک 120 ارب درہم کردی گئی ہے۔ اس کا مقصد صحت کے شعبے کو عالمی سطح پر بہترین بنانا ہے،جو مستقبل کے چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دوسری جانب، کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے لیے حکومتی فنڈنگ گزشتہ دہائی کے 26 ارب درہم سے 2033 تک کی اگلی ایک دہائی کے لیے 3.4 گنا اضافے سے 88 ارب درہم کردی گئی ہے ۔اس کا مقصد سماجی بہبود بشمول تعلیم، شہریوں کی مدد، سماجی ادارے، فنون و ثقافت، شہریوں کی رہائش اور کھیلوں کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔
اس ستون کی فنڈنگ میں سے 26 ارب درہم شہریوں کی مدد کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جس کا مقصد خاندانی استحکام و فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ مزید 21.9 ارب درہم سماجی اداروں کی مدد کے لیے مختص کیے گئے ہیں تاکہ سماجی ہم آہنگی کو فروغ دیے ہوئے قومی شناخت کے بارے میں بیداری پیدا کی جا سکے اور شہریوں کی اپنی کمیونٹی میں شمولیت کو فروغ دیا جا سکے۔
پرتعیش ہاؤسنگ منصوبوں کے ساتھ، دبئی سوشل ایجنڈا 33 میں اماراتی شہریوں کے لیے مربوط رہائشی کمپاؤنڈز کی تعمیر کے لیے 14.5 ارب درہم مختص کیے گئے ہیں ، جو دبئی کے مستقبل کے رہائشی علاقوں کی تعمیر میں معاون ہے۔ 13 ارب درہم ایک ایسے پائیدار تعلیمی نظام کی ترقی پر خرچ ہوں گے جو ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور طلباء میں انٹرپرینیورشپ کو فروغ دے گا۔
اس ستون کے تحت فنون و ثقافت اور کھیلوں کے شعبوں پر بالترتیب 6.4 ارب درہم اور 6.2 ارب درہم مالیت کی فنڈنگ فراہم کی گئی ہے۔ ان شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کا مقصد دبئی کو ایک ثقافتی مرکز میں تبدیل کرنا ہے جو تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھائے اور دنیا بھر کے دانشوروں اور فنکاروں کو خوش آمدید کہے ہے۔
اہداف
دبئی سوشل ایجنڈا 33 میں اگلی دہائی کے لیے چھ اہداف کا خاکہ پیش کیا گیا ہے، جن میں کلیدی طور پر دبئی کو معیار زندگی کے لحاظ سے دنیا کے ٹاپ 3 شہروں میں سے ایک بناناہے۔ اس کا مقصد ایک صحت مند زندگی کی فراہمی ہے جو دنیا کے ٹاپ ٹین اور دبئی میں تعلیم کے معیار کو دنیا کے ٹاپ 10 شہروں میں شامل کرنا ہے۔
دبئی سوشل ایجنڈا 33 کا مقصد نجی شعبے میں کام کرنے والے اماراتیوں کی تعداد کو تین گنا بڑھانا، درخواست دیے جانے کے ایک سال کے اندر ہر نئے اماراتی خاندان کے لیے زمین کا پلاٹ اور قرض فراہم کرنا اور2033 تک دبئی میں نئے اماراتی خاندانوں کی تعداد کو دوگنا کرنے کی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔
ترجمہ۔ تنویر ملک