دبئی، 7 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے ڈیجیٹل مواد کی پیداوار کے شعبے کی حمایت اور ملکی معیشت میں اپنا حصہ بڑھانے کے لیے اس کی صلاحیتوں میں سرمایہ کاری کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
یہ اقدام یو اے ای کی ثقافتی و تخلیقی صنعتوں کے لیے قومی حکمت عملی میں اہمیت کا حامل اور تخلیقی صنعتوں و اختراعی مواد کے تخلیق کاروں میں پیشہ ور افراد کو راغب کرنے کے لیے اقدامات کی ایک سیریز کا حصہ ہے۔
گزشتہ دہائی کے دوران، تخلیقی صنعتوں اور تخلیقی معیشت کے نظام کو ترقی دینے کے لیے ایک ٹھوس کوشش کی گئی ہے، جس کا مقصد 2031 تک مجموعی جی ڈی پی میں اس کی شراکت کو 5 فیصد تک بڑھانا ہے۔
اس تناظر میں متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں کا جائزہ لینے سے تخلیقی صنعتوں و ڈیجیٹل مواد کی تیاری کے لیے ایک مثالی اور معاون ماحول فراہم کرنے میں اس کی مسابقتی پوزیشن کا پتہ چلتا ہے۔ دبئی نے، خاص طور پر، 2022 میں ثقافتی و تخلیقی صنعتوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو راغب کرنے میں اعلی عالمی درجہ بندی حاصل کی۔
گولڈمین سیکس کے مطابق، عالمی تخلیقی معیشت کی مالیت اس وقت تقریباً 250 ارب ڈالر ہے اور اس کے 2027 تک تقریباً نصف ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ یہ اہم شراکت موجودہ اور مستقبل کے مواقع کی قیادت اور سرمایہ کاری کے لیے اقوام کے درمیان مقابلے کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ واضح ہے کہ متحدہ عرب امارات 10 اور 11 جنوری 2024 کو دبئی میں امارات ٹاورز اور میوزیم آف دی فیوچر میں نیو میڈیا اکیڈمی کے زیر اہتمام "1 بلین فالورز سمٹ" کے ذریعے عالمی سطح پر مواد تخلیق کرنے والوں اور متاثر کن افراد کے سب سے بڑی تقریب کا انعقاد کررہا ہے۔ سٹریٹیجی اینڈ کی رپورٹ "مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ 2020-2024 میں انٹرٹینمنٹ اینڈ میڈیا آؤٹ لک" میں پیش گوئی کی گئی ہے کہ ڈیجیٹل مواد 2024 میں مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں میڈیا پر متوقع 22 ارب ڈالر کے اخراجات کا 46 فیصد بنے گا، جو 2019 میں 37 فیصد سے قابل ذکر اضافہ ہے۔
یہ اعداد و شمار ایک نئے اقتصادی شعبے کے ابھرنے کی نشاندہی کرتے ہیں، جس سے عرب دنیا کو اپنی ترقی کی راہ ہموار کرنے کی ضرورت ہے۔ اس میں پلیٹ فارمز، خصوصی اکیڈمیوں، بنیادی ڈھانچے کی معاونت، اور اس صنعت کی تعمیری ترقی کو یقینی بنانے والے قوانین اور ضوابط کی ترقی کا مسلسل قیام شامل ہے۔
اس تناظر میں، نیو میڈیا اکیڈمی کی سی ای او، علياء الحمادی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اعتماد کے ساتھ علم پر مبنی، جدید اور تخلیقی معیشت کی طرف بڑھ رہا ہے، جہاں انسانی خیالات اور ہنر بنیادی وسائل ہیں۔
الحمادی نے مزید کہاکہ اس وژن کے مطابق، متحدہ عرب امارات ایسے پروگراموں اور اقدامات کے ذریعے تخلیقی معیشت کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے جو انسانی وسائل کی صلاحیتوں کو فروغ دینے، مدد فراہم کرنے، اور ان کی اہلیت کے لیے مواقع فراہم کرنے پر مرکوز ہیں۔ یہ تخلیقی معیشت کی حمایت اور ترقی کے لیے مقابلہ کرنے والے تمام اداروں اور اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور صف بندی سے ظاہر ہوتا ہے، جس کی ’1 بلین فالورز سمٹ‘ ایک نمایاں مثال ہے۔
تخلیقی معیشت کے نظام کے اجزاء کو سپورٹ کرنے کی کوششیں پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت کی حامل ہو گئی ہیں۔ 2022 میں Adobe کے ایک عالمی مطالعے کے مطابق، مواد کے تخلیق کاروں کی مدد کے لیے ایک وقف پلیٹ فارم کی فراہمی سے اس کی مثال ملتی ہے، جس کی تعداد 300 ملین سے زیادہ ہے۔
یہ سمٹ متحدہ عرب امارات کے عالمی تخلیق کاروں اور خطے میں ایک علمبردار کے لیے ایک سٹریٹجک وژن کی عکاسی ہے، جو اس کے اقتصادی نظام اورترقی کے محرکات کے اندر ایک جدید اقتصادی شعبے کی بنیادیں قائم کرتا ہے۔ اس سمٹ کا مقصد دنیا کے معروف مواد تخلیق کاروں اور بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔
نیو میڈیا اکیڈمی کے ڈائریکٹر حسین العتولی نے ڈیجیٹل مواد کی صنعت کی بڑھتی ہوئی ترقی پر روشنی ڈالی جو کہ عالمی معیشتوں میں کلیدی شراکت دار اور جامع اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں ایک بااثر کردار کا حامل ہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مواد کی پیداوار کی صنعت گزشتہ دہائی کے دوران علاقائی اور دیگر ممالک کی معیشتوں میں حصہ ڈالنے والی صنعتوں میں سے ایک کے طور پر ابھری ہے۔ اس نے ملازمت کی درجنوں اقسام اور پیشے متعارف کرائے ہیں، جس کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ صارفین کی بڑھتی ہوئی تعداد سے فائدہ اٹھایا گیا ہے۔
العتولی نے مزید کہا کہ آج دنیا بھر میں 300 ملین سے زیادہ مواد تخلیق کرنے والے ہیں، جب کہ صارفین ٹیلی ویژن دیکھنے کے مقابلے میں انٹرنیٹ پر دوگنا سے زیادہ وقت گزاررہے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز میں ہونے والی ترقی آنے والے سالوں میں اس شعبے میں تیزی سے اور بے مثال ترقی لائے گی۔ مصنوعی ذہانت کے انقلاب اور اس کے آلات کے ارتقاء کے ساتھ اس صنعت کے ذریعے حاصل کی گئی ہر چیز کی مختصر مدت میں تیزی سے بڑھنے کی امید ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس صنعت کی اہمیت نہ صرف معاشی بلکہ سماجی اور ترقیاتی بھی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مواد تخلیق کرنے والے اور اثر و رسوخ رکھنے والے آج فالورز سے خطاب کرتے ہیں، جس سے انہیں ترقیاتی منظر کا حصہ بننے اور ہر ملک کے ثقافتی اور سماجی تناظر کے حامی بننے کا موقع ملتا ہے۔ لہذا، نیو میڈیا اکیڈمی میں، ہم متحدہ عرب امارات کے لیے ثقافتی اور تخلیقی صنعتوں کے لیے قومی حکمت عملی کی حمایت کرنے اور متحدہ عرب امارات کو عالمی تخلیق کاروں کا مرکز بنانے کے لیے کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک