اتحاد ایئر لائن کاتوسیع جاری رکھتے ہوئے2025 تک 18 ملین مسافروں کا ہدف ہے: سی ای او

ابوظبی، 8جنوری ، 2024 (وام) ۔۔اتحاد ایئرویز کے گروپ چیف ایگزیکٹیو آفیسر اینٹونوالڈو نیوس نے 2024 میں توسیع کے لیے ایئر لائن کے منصوبوں کی تصدیق کی ہے۔ اس توسیع میں اپنی منازل کے نیٹ ورک کو وسیع کرنا، مسافروں کو مزید انتخاب کی پیشکش کرنا اور اپنے عالمی نیٹ ورک کے ذریعے اہم بین الاقوامی منڈیوں کے لیے پروازوں میں اضافہ کرنا شامل ہے۔ اس کا مقصد ایک مضبوط اسٹریٹجک پلان کے ذریعے پائیدار ترقی کے ایک نئے مرحلے کا آغاز کرنا ہے۔ انہوں نے امارات نیوز ایجنسی (وام) کو بتایا کہ اتحاد ایئرویز 2024 میں نئی منزلیں متعارف کرائے گی۔

ان میں بوسٹن بھی شامل ہے جو کہ امریکہ میں اس کا چوتھا اسٹیشن بنے گا جو 31 مارچ سے ہفتہ وار چار پروازیں چلائے گا۔ مزید برآں کینیا کا دارالحکومت نیروبی یکم مئی سے کام شروع کر دے گا۔ مزید برآں ایئر لائن نے جنوری کے اوائل میں برصغیر پاک و ہند میں دو نئی منزلیں بھارت کے کیرالہ کے علاقے میں کوزی کوڈ اور ترواننت پورم شامل کی ہیں۔ اس سے بھارت میں اتحاد ایئرویز کے ذریعہ خدمات انجام دینے والے اسٹیشنوں کی کل تعداد 10 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ قاہرہ جیسی منزلوں کے لیے ہفتہ وار 21 پروازیں، کولمبو میں 7، اسلام آباد میں 14 اور مالدیپ 14 پروازوں تک کااضافہ ہوگا۔

نیویس نے مسافروں کی تعداد میں اضافے کی توقع ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2025 تک 2017 کی تقریباً 18 ملین مسافروں کی سطح پر واپس آجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد ایئرویز 2017 کے مقابلے میں بہتر مالی حالت میں ہے۔ اس نے 2022 کے مقابلے میں گزشتہ سال مسافروں کی تعداد میں 30 فیصد اضافہ دیکھا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ کمپنی نے 30 ملین تک پہنچنے کا طویل المدتی منصوبہ بنایا ہے۔

نیویس نے کہا کہ ایئر لائن نے اپنے قیام کے 20 سال بعد اپنی عالمی موجودگی کو مستحکم کیا ہے اور اس نے درپیش تمام چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پالیا ہے۔ اس وقت یہ اسٹیک ہولڈرز کی مضبوط حمایت اور مستقبل کے لیے ایک مضبوط اسٹریٹجک پلان کی بدولت پائیدار اور منافع بخش ترقی حاصل کرنے کے لیے کمر بستہ ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اتحاد ایئرویز کی "اتحاد ایئرویز 2030" حکمت عملی جسے اے ڈی کیوہولڈنگز کی حمایت حاصل ہے کیریئر کے سفر میں ایک اہم موڑ کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ ایک ایسے مستقبل کے لیے راہ ہموار کرتا ہے جس کی خصوصیات پائیدار ترقی، بہتر صارفین کے تجربات، اور ابوظہبی کے لیے ایک اہم اقتصادی شراکت ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اتحاد کا نیٹ ورک 2030 کے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر 125 سے زیادہ مقامات تک پھیلے گا۔

موجودہ بیڑے کے سائز کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں سی ای او نے کہاکہ 2017 میں ہمارا بیڑا 110 طیاروں پر پہنچ گیا اور ہم نے 2019 اور 2022 کے درمیان بیڑے کے سائز کو کم کرنے پر کام کیا۔ آج ہم اپنے بڑے طیاروں جیسا کہ Airbus A380، Boeing 787 اور Boeing 777 کی واپسی کا مشاہدہ کر رہے ہیں جس کے نتیجے میں ہمارے بیڑے میں 86 طیاروں کا اضافہ ہوا ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ یہ 2030 تک کل 160 طیاروں تک پہنچ جائے گا۔

اتحاد ایئر ویز کے سی ای او نے بتایا کہ ابوظہبی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیا ٹرمینل اے کمپنی کی ترقی کی حکمت عملی کا ایک اہم سنگ بنیاد ہے جس میں سالانہ 45 ملین مسافروں کو ایڈجسٹ کرنے کی گنجائش ہے اور ابوظہبی کو 117 بین الاقوامی مقامات سے براہ راست جوڑنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ٹرمینل اتحاد کے اکانومی کلاس مہمانوں کے لیے مخصوص چیک اِن سہولیات فراہم کرتا ہے۔ ساتھ ہی بزنس اور فرسٹ کلاس کے مسافروں کے لیے ایک پریمیم تجربے سے لطف اندوز ہونے کے لیے خصوصی ایریاز فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ اتحاد ایئرویز منزل کے نیٹ ورک کو تقویت دینے اور اقتصادی ترقی کے لیے ابوظہبی کے عزائم کی حمایت میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ رابطے کے بڑھتے ہوئے اختیارات کے ساتھ، ابوظہبی فائدہ اٹھانے والا ہےجس سے کاروبار اور سیاحت کے لیے ایک نمایاں مرکز کے طور پر اس کی حیثیت میں اضافہ ہوتا ہے۔ مزید برآں یہ ملک کے اندر باقی امارات اور عالمی سطح پر جی سی سی ممالک کے لیے گیٹ وے کا کام کرتا ہے۔

ترجمہ: ریاض خان