ابوظبی، 8جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی میں محکمہ بلدیات اور ٹرانسپورٹ کے مربوط ٹرانسپورٹ سینٹر (آئی ٹی سی) نے ایک "آسان ادائیگی" سروس شروع کی ہے جو صارفین کو قسطوں کے ذریعے آئی ٹی سی جرمانے کی ادائیگی کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
فرسٹ ابوظہبی بینک، ابوظہبی کمرشل بینک اور امارات اسلامی بینک کے کریڈٹ کارڈ ہولڈرز اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ آئی ٹی سی 2024 کی پہلی ششماہی تک مزید بینکوں کو شامل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ یہ سروس صارفین کو کئی قسطوں کے ذریعے آئی ٹی سی جرمانے ادا کرنے کے قابل بناتی ہے جس کی کم از کم اجتماعی قیمت 3,000 درہم ہے۔
صارفین TAMM سروس سینٹرز یا ابوظہبی سٹی میونسپلٹی کے ہیڈ کوارٹر اور العین سٹی میونسپلٹی کے ہیڈ کوارٹر کے کسٹمر ہیپی نیس سینٹرز کے ذریعے اپنے جمع شدہ جرمانے ادا کر کے اور پھر مخصوص مدت کے دوران تین ماہ، چھ ماہ، نو ماہ یا 12 ماہ بغیر سود یا منافع کے قسطوں کے ذریعے ادائیگیوں کا شیڈول بنا کر اس سروس کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔
صارفین مذکورہ مراکز میں سے کسی ایک پر کریڈٹ کارڈ کے ذریعے جرمانہ ادا کر کے اس سروس سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس کے بعد صارف کو مطلوبہ مدت میں قسطوں کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی درخواست کرنے کے لیے اس بینک سے رابطہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے جہاں کریڈٹ کارڈ جاری کیا گیا تھا۔
آئی ٹی سی نے کہا کہ یہ سروس ادائیگی کے عمل کو آسان بنانے اور ادائیگی کے آسان منصوبے فراہم کرنے، صارفین کے درمیان اطمینان کی بڑھتی ہوئی سطح کو یقینی بنانے اور رہنے اور سرمایہ کاری کے لیے دنیا کے معروف شہروں میں سے ایک کے طور پر ابوظہبی کی پوزیشن کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
ترجمہ: ریاض خان