ابوظبی، 8جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ابوظہبی ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے الخاتم، الخزنہ اور النہدہ کے علاقوں میں 1,600 سے زائد فارموں کو ری سائیکل شدہ پانی کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔ اتھارٹی نے اپنے اسٹریٹجک شراکت داروں محکمہ توانائی ابوظہبی ، ماحولیاتی ایجنسی ۔ ابوظہبی اور تقاء ، ابوظہبی اور العین ڈسٹری بیوشن کمپنی اور ابوظہبی پائیدار پانی کے حل کمپنی کے ساتھ تعاون کیا۔ ابوظہبی کا زراعت میں ری سائیکل شدہ پانی کے استعمال کو وسعت دینے کا منصوبہ اس کے مجموعی پائیداری کے اہداف کے مطابق ہے کیونکہ ری سائیکل شدہ پانی زمینی وسائل پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے ضروری اختیارات میں سے ایک ہے اور اسے زراعت سمیت مختلف ترقیاتی شعبوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تقاء اور اس کے ذیلی اداروں نے پائپ لائنیں تعمیر کی ہیں جو تقریباً 150,000 مکعب میٹر فی دن الخاتم، الخزنہ اور النہدہ کے علاقوں کے فارموں میں منتقل اور تقسیم کریں گی تاکہ ہر فارم کے لیے 73 کیوبک میٹر فی دن کی شرح سے ان کی ری سائیکل شدہ پانی کی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔
زراعت میں ری سائیکل شدہ پانی کو استعمال کرنے کا منصوبہ الخاتم اور الخزنہ کے علاقوں میں تقریباً 4,850 کنوؤں سے زیر زمین پانی کی پمپنگ کو ختم کرکے بڑی مقدار میں زمینی پانی کی بچت کرے گا، غیر قابل تجدید پانی کے وسائل کو محفوظ کرنے اور آبی وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور پائیداری کو حاصل کرنے میں مدد کرے گا۔
یہ منصوبہ متحدہ عرب امارات کے پانی کی حفاظت کی حکمت عملی 2036 کے مقاصد کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے تاکہ تمام رہائشی، تجارتی، حکومتی، صنعتی اور زرعی استعمال کے لیے پانی کی فراہمی کی پائیداری اور تسلسل کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ ابوظہبی کی ری سائیکل شدہ پانی کی پالیسی سے بھی مطابقت رکھتا ہےجس کا مقصد ری سائیکل شدہ پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا اور زراعت میں زیر زمین پانی کے استعمال کو معقول بنانے اور دستیاب آبی وسائل کی مربوط انتظام اور پائیدار ترقی کے حصول میں تعاون کرنا ہے۔
اتھارٹی میں زرعی امور کے شعبے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مبارک علی الکوسیلی المنصوری کے مطابق ری سائیکل شدہ پانی ایک قابل تجدید اور غیر روایتی پانی کا ذریعہ ہے اور اتھارٹی اپنانے کو فعال کرنے اور فروغ دینے کے اسٹریٹجک ہدف کو حاصل کرنے کے لیے فارموں پر اس کے استعمال کو بڑھانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ اب بھی 81.4 فیصد زمینی پانی ، 18 فیصد سمندری پانی اور 0.6 فیصد ری سائیکل شدہ پانی پر انحصار کرتا ہے لہٰذا زیر زمین پانی کی کمی اور نمکین پانی کی کھپت کو کم کرنے کے لیے ری سائیکل شدہ پانی کے استعمال کو بڑھایا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 2012 سے اتھارٹی اپنے اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے النہدہ کے علاقے میں 143 فارموں کو زمینی پانی کی بجائے ری سائیکل شدہ پانی سے سیراب کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد کرنے میں کامیاب ہوا ہے جہاں ان فارموں کو المفرق سے ری سائیکل شدہ پانی کی ضروریات پوری کی جاتی ہیں۔ المنصوری نے تصدیق کی کہ اتھارٹی کھیتوں میں تقسیم کرنے سے پہلے ری سائیکل شدہ پانی کے معیار اور حفاظت کی نگرانی کے لیے ایک نظام کا استعمال کرتا ہے۔
محکمہ تونائی ابوظبی میں ریگولیٹری امور کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سیف القبیسی نے اس بات پر زور دیا کہ پانی کی قابل اعتماد خدمات فراہم کرنے اور سپلائی کی حفاظت کو بڑھانے میں بڑی دلچسپی کے پیش نظرمستقبل میں پانی ابوظہبی کی سٹریٹجک ترجیحات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی میں توانائی کے محکمے نے پانی کے استعمال کی پائیداری اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے بے شمار کوششیں کی ہیں اور متعدد ضوابط اور پالیسیاں جاری کی ہیں جن کا مقصد پانی کے وسائل کو محفوظ کرنے کی قومی کوششوں کی حمایت کرنے کے لیے ری سائیکل شدہ پانی کے فوائد کو زیادہ سے زیادہ کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کی آبی سلامتی کی حکمت عملی 2036 کے مقاصد کے مطابق جس کا مقصد آبی وسائل کی مجموعی طلب کو 21% تک کم کرنا اور ری سائیکل شدہ پانی کے استعمال کو بہتر بنانا ہے۔ انہون نے کہا کہ محکمے کا مقصد اس قسم کے پانی کے استعمال کو بڑھا کر، بہت سے اقدامات کر کے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی پیروی کر کے ری سائیکل شدہ پانی کے اضافی استعمال کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔ ماحولیاتی ایجنسی ابوظبی میں ماحولیاتی معیار کے شعبے کے قائم مقام ایگزیکٹو ڈائریکٹر انجینئر فیصل الحمادی کے مطابق ری سائیکل شدہ پانی کی نقل و حمل، تقسیم اور دوبارہ استعمال کے منصوبے کے بہت سے ماحولیاتی اور اقتصادی فوائد ہوں گے جن میں سے سب سے اہم ری سائیکل شدہ پانی کے اخراج کو روکنا ہوگا۔
الحمادی نے کہا کہ 2019 میں ای اے ڈی نے امارت میں زمینی پانی کے ضابطے کے حوالے سے ایک ایگزیکٹو ریگولیشن جاری کیا۔ ضابطے میں کہا گیا ہے کہ زمینی پانی نکالنے اور استعمال کرنے کے لیے درخواستوں کا جائزہ لیتے وقت ایجنسی کو پانی کے متبادل اور مناسب ذرائع کی دستیابی پر غور کرنا چاہیے جیسے کہ صاف شدہ پانی اور ری سائیکل شدہ پانی تاکہ زیر زمین پانی کے وسائل کو پائیدار طریقے سے محفوظ کیا جا سکے۔
انہوں نے متعلقہ شعبوں میں متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کاری میں ایجنسی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی جہاں ایجنسی کی ٹیم زمینی پانی کے ذرائع پر دباؤ کو کم کرنے کے لیے آبپاشی اور زراعت کے لیے ری سائیکل شدہ پانی کو دوبارہ استعمال کرنے کے لیے معیارات تیار کرنے کے لیے تکنیکی مشورے فراہم کر رہی ہے۔
ترجمہ: ریاض خان