دبئی، 9 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ،وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے آج "دنیا کی بہترین سرمائی مہم" کے چوتھے سیزن کا افتتاح کیا،جس کامقصد 2020 میں شروع کی گئی یو اے ای کی سیاحتی حکمت عملی کے مطابق سیاحت کے شعبہ کو فروغ دینا ہے۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ آج، متحدہ عرب امارات سالانہ قومی سیاحتی مہم 'دنیا کی بہترین سرمائی مہم' کے نئے سیزن کا آغاز کر رہا ہے، متحدہ عرب امارات کے خوبصورت موسم، قدرتی وسائل، تعمیراتی خزانے، ثقافتی مقامات اور سب سے بڑھ کر مہربان اور مہمان نواز لوگوں کی وجہ سے سیاحوں کی تعداد میں اضافہ ہورہاہے۔
عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے مزید کہاکہ قومی سیاحت کے شعبہ میں ہرسال ترقی ہورہی ہے۔ ہمارا مقصد 2031 تک جی ڈی پی میں سیکٹر کی شراکت کو 450 ارب درہم تک بڑھانا ہے۔
"ناقابل فراموش کہانیوں" کے عنوان سے رواں سال کی"دنیا کی بہترین سرمائی مہم" میں مختلف پروگرام، تقریبات اور سرگرمیاں شامل ہیں۔ اس مہم کا مقصد پورے متحدہ عرب امارات میں گھریلو سیاحت کو سپورٹ کرنا ہے، اس کے علاوہ دنیا بھر کے سیاحوں کو متحدہ عرب امارات میں موسم سرما کی خوبصورتی اور اس کے سیاحتی مقامات سے لطف اندوز ہونے کے لیے راغب کرنا ہے۔
مثبت نتائج
اپنے تیسرے سیزن میں، مہم نے مثبت کامیابیاں حاصل کی ہیں، سیاحوں کی تعداد 1.4 ملین تک پہنچ گئی، جو دوسرے ایڈیشن کے مقابلے میں 8 فیصد زیادہ ہے۔ مہم کا مواد پوری دنیا میں 190 ملین لوگوں تک پہنچ گیا، اس دوران ویوز کی تعداد 159 ملین تک پہنچ گئی۔
"دنیا کی بہترین سرمائی مہم" کامقصد ملک کی ہر امارت میں سیاحت کے اہم مقامات کو اجاگر کرنا ہے،اس کے علاوہ سیاحوں کوپروگرامز اور سرگرمیوں سے بھرپور ایجنڈے کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرناہے۔
سیاحتی کامیابیاں
وزیر اقتصادیات اور امارات ٹورازم کونسل کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری نے کہا کہ دنیا کی بہترین سرمائی مہم' اندرون و بیرون ملک سیاحت کے شعبوں کو مزید سپورٹ کرنے اور مزید کامیابیاں حاصل کرنے کے لیے ملک بھر میں کی جانے والی کوششوں میں معاون ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سیاحت کے شعبے نے اعلی کارکردگی کا مشاہدہ کیا اور بہت سی بین الاقوامی سیاحتی مارکیٹس کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب رہاہے۔
متحدہ عرب امارات کے سیاحتی شعبے نے امید افزا کارکردگی حاصل کی، کیونکہ ہوٹلز کی آمدنی جنوری سے ستمبر 2023 تک بڑھ کر 32.2 ارب درہم ہو گئی، جو کہ 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے ۔ اسی عرصے کے دوران ہوٹلزمیں مہمانوں کی تعداد 20.2 ملین تک پہنچ گئی جو 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے ۔ گزشتہ سال کے پہلے 9 مہینوں کے دوران ہوٹلز آکوپنسی کی شرح 75 فیصد تک پہنچ گئی، جو کہ 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد کا اضافہ ہے۔
متنوع سیاحتی مصنوعات
متحدہ عرب امارات متنوع سیاحتی خدمات پیش کرتا ہے۔ قدرتی مقامات، نخلستانوں اور پہاڑوں کی وجہ سے ماحولیاتی سیاحت میں غیر معمولی ترقی ہو رہی ہے جو سردیوں میں سبز جنت میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ یہ ملک صحرائی سیاحت کے لیے بھی مشہور ہے، جو سیاحوں کو سفاری سفرسمیت صحراؤں میں بہت سی تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
ثقافتی و ورثہ سیاحت کا شعبہ مختلف تاریخی اور ورثے کے مقامات اور عجائب گھروں سےمستفید ہورہا ہے۔ ساحل سمندر کی سیاحت کا شعبہ بھی تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے پہاڑ کلائمنگ،ہائیکنگ،پیدل سفر ، ماؤنٹین بائیک جیسی
سیاحتی سرگرمیوں کے وسیع مواقع پیش کرتے ہیں، ڈائیونگ اور اسکائی ڈائیونگ جیسی ایڈونچر سیاحت بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
شاپنگ ٹورازم متحدہ عرب امارات میں سیاحت کی سب سے مشہور اقسام میں سے ایک ہے، یہ ملک اپنے عالمی معیار کے شاپنگ سینٹرز کے علاوہ مسلسل شاپنگ فیسٹیولز کا انعقاد کیا جاتاہے۔
ترجمہ۔تنویرملک