متحدہ عرب امارات کے صدر اور ہندوستان کے وزیر اعظم کا دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

احمد آباد، 9 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان اور ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو یہاں ملاقات کی جس میں متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان مضبوط، تاریخی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنمائوں نے جامع اسٹریٹجک اور اقتصادی شراکت داری کے فریم ورک کے تحت دونوں ممالک اور ان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کے لیے ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ہوئی، جہاں اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے عزت مآب اور ان کے وفد کا استقبال کیا تھا۔

بات چیت کے دوران، دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات خاص طور پر معیشت، توانائی، ٹیکنالوجی، موسمیاتی کارروائی، اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں دائرہ کار کو بڑھانے کے لیے اپنے باہمی عزم کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے اپنی ترقیاتی شراکت داری کے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے تمام دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔

عزت مآب اور ہندوستانی وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا، اور ان تمام کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا جو امن، تعاون، استحکام اور بات چیت و افہام و تفہیم کے ذریعے تنازعات کے حل کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور دنیا بھر کے تمام لوگوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے اجتماعی بین الاقوامی اقدام کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ ترین صورتحال پربھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کی کوششوں، شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کافی، محفوظ اور پائیدار امداد فراہم کرنے کی ضرورت کا اعادہ کیا۔ مزید برآں، انہوں نے تنازعے کو بڑھنے سے روکنے کی اہمیت پر زور دیا جس سے علاقائی سلامتی اور استحکام کو خطرہ ہے۔

عزت مآب نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پرشکریہ ادا کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم سے دوبارہ ملاقات پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہندوستان اور اس کے عوام کے لیے اس سال میں کامیابیوں کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے 26 جنوری کو ہندوستان کے یوم جمہوریہ پر مبارکباد پیش کی۔

عزت مآب کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان تعلقات نہ صرف تاریخی اور مضبوطی سے قائم ہیں بلکہ باہمی مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک ماڈل کے طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک اپنی جامع اقتصادی شراکت داری کے اہداف کے حصول کے لیے صحیح راستے پر گامزن ہیں۔

عزت مآب نے ہندوستانی کاروباری اداروں اور سرمایہ کاری کے لیے ایک مرکز کے طور پر متحدہ عرب امارات کی پوزیشن کا حوالہ دیا، جو مشرق وسطیٰ اور اس سے آگے نئی منڈیوں کی تلاش اور اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لیے مختلف مواقع فراہم کرتا ہے۔

عزت مآب شیخ محمد نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ کس طرح متحدہ عرب امارات اور ہندوستان مختلف کثیر الجہتی فریم ورکس کے اندر فعال طور پر تعاون کررہے ہیں مشترکہ عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے جن میں سب سے اہم جی20 اور برکس ہیں ۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ متحدہ عرب امارات دنیا کے لوگوں کے لیے باہمی مفاد اور ترقی کے حصول کے لیے شراکت داری قائم کرنے اور تعاون کے رابطے استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

صدر عزت مآب نے موسمیاتی کارروائی کے میدان میں متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان جاری اور نتیجہ خیز تعاون کو اجاگر کیا۔ عزت مآب نے دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ کوپ28 موسمیاتی کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم کی شرکت اور اس تقریب کی اہم کامیابیوں میں ان کے تعاون کے لیے شکریہ ادا کیا جس کا مقصد پوری انسانیت کو فائدہ پہنچانا ہے۔

نریندر مودی نے یو اے ای-انڈیا تعلقات کو مضبوط بنانے میں حمایت کے لیے عزت مآب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ان تعلقات کو مزید فروغ اور وسعت دینے کے لیے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔

بھاتی وزیر اعظم نے عزت مآب کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ ملاقات اور عشائیہ میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے شرکت کی جس میں ابوظہبی کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر عزت مآب شیخ طحنون بن زاید النہیان، وزیر خارجہ عزت مآب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان، عزت مآب شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان، صدارتی عدالت میں خصوصی امور کے مشیرشیخ محمد بن حمد بن طحنون النہیان،سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی بن حماد الشامسی،متحدہ عرب امارات کے صدر کے سفارتی مشیرڈاکٹر انور قرقاش، وزیرسرمایہ کاری محمد حسن السویدی، وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم بنت ابراہیم الہاشمی، وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، ایگزیکٹو امور اتھارٹی کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن خلدون خلیفہ المبارک، شعبہ مالیات کے چیئرمین اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن جاسم محمد بو عتبہ الزعابی، معاون وزیر خارجہ برائے اقتصادی اور تجارتی امورسعید مبارک الھاجری، ہندوستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر ڈاکٹر عبدالناصر الشعالی اور کئی سینئر عہدیدار شامل تھے۔


ترجمہ۔تنویرملک