متحدہ عرب امارات کی معاشی شرح نمو 2025 میں 3.8 فیصد رہنے کی توقع ہے: ورلڈ بینک

واشنگٹن، 9 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ورلڈ بینک نے توقع ظاہرکی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی حقیقی جی ڈی پی کی 2023 میں شرح نمو 3.4 فیصد رہے گی، جو 2024 میں بڑھ کر 3.7 فیصد اور 2025 میں 3.8 فیصد ہو جائے گی۔

عالمی اقتصادی جائزہ رپورٹ کے مطابق، عالمی بینک نے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ممالک میں 2024 میں شرح نمو 3.6 فیصد اور 2025 میں 3.8 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی ہے، جو گزشتہ سال کی مضبوط غیر تیل شعبے کی سرگرمیوں کی وجہ سے ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) کے خطے میں شرح نمو 2023 میں تیزی سے کم ہو کر 1.9 فیصد رہ گئی ہے، کیونکہ خطے کو تیل کی پیداوار میں کمی، مہنگائی میں اضافے اور تیل میں نجی شعبے کی کمزور سرگرمیوں سمیت متعدد مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹ میں مینا کے علاقے کی درآمدی معیشتوں میں 2024 اور 2025 میں شرح نمو 3.5 فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تیل کے درآمد کنندگان کی شرح نمو بھی گزشتہ سال کچھ سست رہی، جو نجی شعبے کی سرگرمیوں میں کمی کی عکاسی ہے، رپورٹ میں مزید کہا گیاہے کہ اس سال شرح نمو 3.2 فیصد اور 2025 میں 3.7 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس سال سعودی عرب کی شرح نمو 4.1 فیصد اوراگلے سال 4.2 فیصد تک رہنے کا امکان ہے جبکہ کویتی معیشت میں رواں سال کے آخر تک 2.6 فیصد اضافے کی توقع ہے جو کہ اگلے سال 2.7 فیصد ہوجائے گی۔ بحرین کی معاشی شرح نمو 2024 میں 3.3 فیصد اور 2025 میں 3.2 فیصد رہنے توقع ہے۔

رپورٹ کے مطابق قطر کی معاشی شرح نمو اس سال 2.5 فیصد رہے گی، جو اگلے سال بڑھ کر 3.1 فیصد ہو جائے گی، جبکہ عمان کی معیشت 2024 میں 2.7 فیصد اور 2025 میں 2.9 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک