دبئی، 9جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے جنرل سیکرٹریٹ کے دبئی گورنمنٹ ایکسی لینس پروگرام نے اپنا 2024 کا جائرزہ شروع کر دیا ہے جو 20 فروری تک چلے گا۔ اس سال کے جائزے میں 20 ممالک کے 155 تشخیص کار اور ماہرین شامل ہیں جن میں سے 45 فیصد اماراتی ہیں۔
اس تشخیص کا مقصد 30 سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے جس میں 12 ادارہ جاتی زمرے اور میڈلز اور متغیر ایوارڈز کے لیے اضافی 12 زمرے شامل ہیں۔
اس سال کے جائزے کے لیے پروگرام نے حال ہی میں اعلان کردہ حکومتی فضیلت کے فریم ورک کو لاگو کیا ہے جسے دبئی کے ولی عہد اور دبئی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے فروری 2023 میں منظور کیا تھا۔ نیا فریم ورک جو اداروں کی ان کی قیادت، مستقبل کی تیاری اور کارکردگی کی بنیاد پر جائزہ لیتا ہے تین ستونوں پر مبنی ہے جن میں ویژن، ویلیو اور ڈویلپمنٹ ایبلرز شامل ہیں۔
دبئی گورنمنٹ ایکسی لینس پروگرام کے 2024 ایڈیشن میں نئے زمرے متعارف کرائے گئے ہیں جس میں مستقبل کی تیاری میں بہترین ادارہ، ڈیجیٹل بااختیار بنانے میں بہترین ادارہ اور بہترین مشترکہ حکومتی اقدام شامل ہیں۔ اس سال پروگرام نے سنٹرل انڈیکیٹرز گورننس گائیڈ کے مطابق اپنے الیکٹرانک اسسمنٹ سسٹم کو بھی مکمل طور پر بہتر بنایا ہے۔
دبئی گورنمنٹ ایکسی لینس پروگرام کے رابطہ کار ڈاکٹر ھزہ خلفان النعیمی نے کہاکہ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کی بصیرت انگیز قیادت سے کارفرما دبئی گورنمنٹ ایکسیلنس پروگرام حکومتی فضیلت کے لیے عالمی معیار قائم کرنے میں ایک اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کا جائزہ ایک تازہ ترین تشخیصی نظام کے ذریعے سماجی اثرات، بااختیار بنانے اور مستقبل کی تیاری جیسے اہم عوامل پر زور دیتا ہے۔ ہمارے معیار میں قیادت کی تاثیر، سٹریٹجک شراکت داری، سرگرمی اور جدت شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عمدگی کی مسلسل جستجو میں نمایاں نتائج حاصل کرتے ہوئے معاشرے میں اپنا حصہ ڈالنا ہے۔
دبئی گورنمنٹ ایکسیلنس پروگرام کا ادارہ جاتی تشخیص کا طریقہ کار انتظامی کارکردگی اور قیادت کو بڑھانے پر مرکوز ہے۔ نئے گورنمنٹ ایکسیلنس فریم ورک کے مطابق ویژن کا ستون موثر قیادت اور ایک ادارہ جاتی ثقافت پر مرکوز ہے جو ترقی، اختراع اور مستقبل کی تیاری پر مرکوز ہے۔
یہ پروگرام 12 ادارہ جاتی زمروں پر مشتمل ہے جس میں تین نئے اضافے شامل ہیں۔ 2024 دبئی گورنمنٹ ایکسیلنس ایوارڈز کے لیے 350 سے زیادہ نامزدگیاں تھیں۔ اس پروگرام میں آٹھ ایکسی لینس ایوارڈز بھی شامل ہیں ۔دبئی گورنمنٹ ایکسی لینس پروگرام 25 سال سے چل رہا ہے جس میں حکومت کی شاندار کارکردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ یہ حکومت کے اندر مستقبل کی تیاری کو بڑھانے میں مدد کرتے ہوئے سماجی اثرات، کارکردگی ، فعالی اور کارکردگی کو انعام اور حوصلہ دیتا ہے۔
ترجمہ: ریاض خان