دنیا کی بہترین موسم سرما کی مہم سے عالمی سفر و سیاحت کے شعبے میں متحدہ عرب امارات کی حیثیت مزید مضبوط ہو گی: بن طوق

دبئی، 11 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ وزیر اقتصادیات اور متحدہ عرب امارات کی سیاحتی کونسل کے چیئرمین عبداللہ بن طوق المری نے کہا ہے کہ دنیا کی بہترین موسم سرما کی مہم کا چوتھا ایڈیشن 9 جنوری سے 20 فروری تک منعقد ہوگا ، قومی سیاحت کی حکمت عملی 2031 کو مرتب کرتے ہوئے یہ مہم عالمی سفر اور سیاحتی شعبے میں متحدہ عرب امارات کی نمایاں حیثیت کو مزید م کرے گی۔

بن طوق نے کہا کہ اس مہم کا مقصد متحدہ عرب امارات کے منفرد سیاحتی مقامات اور موسم سرما کے تجربات، اس کے بھرپور ثقافتی ورثے اور حسین قدرتی مناظر کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ’ناقابل فراموش کہانیاں‘ کے تھیم کے ساتھ دنیا کے بہترین موسم سرما 2024‘کی ڈومیسٹک سیاحتی مہم کے چوتھے ایڈیشن کا افتتاح کیا تھا۔۔ یہ اقدام متحدہ عرب امارات کی گھریلو سیاحت کی حکمت عملی کا حصہ ہے جسے عزت مآب نے دسمبر 2020 میں متعارف کرایا تھا، اس کا مقصد ایک مربوط ڈومیسٹک سیاحتی منظر نامے کو تیار کرنا ہے۔

مہم کے تازہ ترین ایڈیشن کا مقصد ملکی سیاحت کو فروغ دینا اور دنیا بھر کے سیاحوں کو متحدہ عرب امارات میں موسم سرما سے لطف اندوز کرنے کے لیے راغب کرنا ہے۔ اس مہم میں ملک کی جانب سے سیاحوں کے لیے ان پرکشش مقامات بشمول مشہور تفریحی سہولیات، ثقافتی اور قدرتی مقامات اور متنوع سرگرمیوں کو نمایاں کیا گیا ہے جو یادگار تجربات کا باعث بنتی ہیں۔

دنیا کی بہترین سرمائی مہم کے چوتھے ایڈیشن میں متحدہ عرب امارات کے شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کے ساتھ ساتھ دوسرے غیر ملکی افراد کو راغب کیا جائے گا ۔ نئے ایڈیشن میں متعدد میڈیا اور مارکیٹنگ مواد کو مختلف میڈیا پلیٹ فارمز اور سوشل چینلز کے ذریعے ترویج دی جائے گی تاکہ اس کے اہداف کو فروغ دیا جا سکے اور ملک میں موسم سرما کے سرفہرست سیاحتی مقامات کی مؤثر طریقے سے نمائش کی جا سکے۔ یہ سات امارات میں منفرد تجربات، تفریحی سرگرمیوں اور بہترین مہم جوئی کو بھی نمایاں کرے گا۔

مہم کے گزشتہ ایڈیشن میں یو اے ای میں مختلف سیاحتی، قدرتی اور تفریحی مقامات اور تجربات کی نمائش کی گئی۔ جس سے ملکی سیاحت کے لیے کافی اقتصادی فوائد حاصل ہوئے تھے، ہوٹلز کی آمدنی 1.8 ارب تک پہنچ گئی تھی جو مہم کے دوسرے ایڈیشن کی آمدنی 1.5 ارب درہم کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ رہی۔

بن طوق نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا سیاحت کا شعبہ دانشمند قیادت کی توجہ کی بدولت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ اس اہم شعبے کو مستقبل کی معیشت کی تعمیر اور ایک نئے معاشی ماڈل کی طرف منتقلی کے لیے اسٹریٹجک شعبوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

وزیر اقتصادیات نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں ہوٹلز کے اداروں کی آمدنی جنوری سے ستمبر 2023 تک 32.2 ارب درہم تک بڑھ گئی ہے، جو 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔ مزید برآں،ساتوں امارات میں ہوٹلز کے مہمانوں کی تعداد 2023 کے پہلے نو ماہ کے دوران 20.2 ملین تک پہنچ گئی، جو کہ 2022 کی اسی مدت کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ اعدادوشمار ‘We the UAE 2031’ ویژن کے ذریعے مقرر کردہ قومی ہدف کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں تاکہ آئندہ دہائی تک متحدہ عرب امارات کے جی ڈی پی میں اس شعبے کے شراکت کو 450 ارب درہم تک بڑھایا جا سکے۔


ترجمہ۔تنویرملک