محمد بن راشد المکتوم تخلیقی سپورٹس ایوارڈز سرکردہ شخصیات کیلئےسب سے بڑا اعزاز ہے: فیفا

دبئی، 11جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا) نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ محمد بن راشد المکتوم تخلیقی کھیل ایوارڈز برائے کھیل کی بین الاقوامی شخصیت فیفا کے صدر گیانی انفنٹینو کو دیا گیا۔ یہ وہ اعلیٰ ترین اعزاز ہے جو کھیلوں کو فروغ دینےوالی سرکردہ شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

فیفا نے یہ ایوارڈ کے جیتنے پر ایک رپورٹ شائع کی جس میں کہا گیا کہ یہ متحدہ عرب امارات کےنائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے متاثر ہے جو کھیلوں کا شوق رکھتے ہیں۔ فیفا نے نشاندہی کی کہ یہ ایوارڈ جس کا آغاز 2009 میں مختلف کھیلوں کے شعبوں میں انفرادی کامیابیوں کو اعزاز دینے کے مقصد سے ہوا 2012 میں اس انعام کے لیے بین الاقوامی شخصیات کی نامزدگی کی اجازت دینے کے لیے تیار ہوا۔

انفنٹینو نے کہاکہ مجھے دبئی میں محمد بن راشد المکتوم تخلیقی اسپورٹس ایوارڈ کے 12 ویں ایڈیشن میں سال کی بہترین اسپورٹس شخصیت کے ایوارڈ سے نوازےجانے پر فخر ہے۔ یہ ایوارڈ حاصل کرنا میرے لئے باعث فخر ہے کیونکہ فیفا میں ہم اتحاد، منصفانہ مسابقت، مساوات اور پائیدار عالمی ترقی کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہون نے کہا کہ میں تمام ایوارڈ جیتنے والوں کو مبارکباد دینا چاہتا ہوں اور عزت مآب شیخ محمد، ایوارڈ کے بورڈ آف ٹرسٹیز کے چیئرمین مطر الطائر اور اس ایوارڈ کے لیے ایوارڈ کمیٹیوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔

فیفا کے صدر نے کہاکہ دبئی میں محمد بن راشد المکتوم تخلیقی اسپورٹس ایوارڈ کے 12 ویں ایڈیشن میں سال کی بین الاقوامی اسپورٹس پرسنالٹی سے نوازا جانا اس کامیابی کا نمائندہ ہے جو فیفا نے فٹ بال کے ذریعے دنیا کو متحد کرنے میں حاصل کی ہے۔

فیفا نے کہا ہےکہ متحدہ عرب امارات کے پاس فیفا ٹورنامنٹ منعقد کرنے کی ایک قابل فخر تاریخ ہے جس نے گزشتہ 21 سالوں میں آٹھ ٹورنامنٹس کی میزبانی کی ہے جن میں چار فیفا کلب ورلڈ کپ، فیفا انڈر 20 ورلڈ کپ 2003، فیفا انڈر 17 ورلڈ کپ 2013 اور فیفابیچ سوکر ورلڈ کپ 2009 شامل ہیں۔ یہ اپنے نویں فیفاٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جب فیفابیچ سوکر ورلڈ کپ 2024 اگلے ماہ شروع ہوگا۔

فیفا نے مزید کہا کہ ایوارڈز کمیٹی نے دنیا بھر میں فٹ بال کی موجودگی کو تقویت دینے کے لیے معیاری اقدامات شروع کرنے میں فیفا صدر کے کردار کو بھی تسلیم کیا جیسے کہ فیفا ورلڈ کپ میں ٹیموں کی تعداد 48 تک بڑھانا جو کہ فیفا کے اسٹریٹجک مقاصد کا ایک اہم ستون ہے۔

ترجمہ: ریاض خان