عجمان، 14 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران عزت مآب شیخ حمید بن راشد النعیمی نے عجمان سنٹر فار نیو پروجیکٹس (فری زون)کے قیام کے لیے دو امیری فرمان ، نمبر (15) برائے2023 او ر شیخ محمد بن عبداللہ بن سلطان النعیمی کی بطور چیئرمین تقرری سے متعلق نمبر (1) برائے 2024 جاری کیے ہیں۔
دونوں حکمنامے جاری ہونے اور سرکاری گزٹ میں شائع ہونے کی تاریخ سے نافذ العمل ہوں گے۔
2023 کے امیری فرمان نمبر (15) کے مطابق، عجمان کی امارت میں نئے منصوبوں کے لیے عجمان سنٹر کے نام سے ایک فری زون قائم کیا جائے گا۔ یہ سنٹر عجمان حکومت سے وابستہ ہو جسے قانونی حیثیت ،مالی اور انتظامی آزادی حاصل ہوگی ، حکم نامے کی دفعات مکے مطابق اسے اپنے مقاصد حاصل کرنے اور اپنے اختیارات اور فرائض کو استعمال کرنے کے لیے ضروری قانونی اختیار حاصل ہوگا۔
حکم نامے میں سنٹر کے مقاصد کی وضاحت کی گئی ہے، جن میں سرمایہ کاری کے ایک اہم مقام کے طور پر امار ت کی پوزیشن کو مضبوط کرنا،عالمی تجارت کے ترقی یافتہ مرکز کے طور پر اس کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ، تمام شعبوں میں اقتصادی اور سرمایہ کاری منصوبوں کی حوصلہ افزائی کے ذریعے امارات کے پائیدار اقتصادی تنوع اور ترقی کو فروغ دینے میں تعاون کرنا، مختلف اقتصادی سرگرمیوں میں زیادہ سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب اور تخلیقی اور جدت پر مبنی منصوبوں کے لیے ایک لچکدار اور سازگار سرمایہ کاری ماحول پیدا کرنا شامل ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک