محمد بن راشد نے دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے تحت متعدد فلاحی منصوبوں کی منظوری دے دی

دبئی، 14 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ نائب صدر، وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران عزت مآب شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دبئی سوشل ایجنڈا 33 کے تحت سال 2024 کے لیے متعدد انقلابی منصوبوں کی منظوری دی ہے۔

حال ہی میں عزت مآب کی جانب سے شروع کردہ ، دبئی سوشل ایجنڈا 33 ' زیادہ ترفیملی: دی فانڈیشن آف ہماری نیشن' کے مرکزی موضوع پر مشتمل ہے۔

منظور شدہ منصوبوں میں دبئی میں شہریوں کے درمیان 3,500 پلاٹس کی تقسیم کے علاوہ دبئی میں 5.5 بلین درہم کی مالیت کے 2,300 تیار مکانات شامل ہیں۔ یہ اقدام شہریوں کو ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے عزت مآب کے مضبوط عزم کی عکاسی ہے۔

عزت مآب نے شہریوں کے لیے ہاسنگ پراجیکٹ کے لیے مختص کیے گئے نئے علاقے کا نام لطیفہ سٹی رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

شیخ محمد نے کا کہنا ہے کہ شہری، ان کے خاندان اور سماجی استحکام حکومت کے تمام منصوبوں اور اس کے تمام اقدامات کے حتمی اہداف کے لیے بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔ عزت مآب نے کہا کہ دبئی کی مسلسل کامیابی عوامی بہبود کو ترجیح دینے اور کام اور تخلیقی صلاحیتوں کے لیے بہترین حالات کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل کا فائدہ اٹھانے کا نتیجہ ہے۔

عزت مآب نے دبئی کے شہریوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے مزید اہم منصوبے شروع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خاندان قوم کا سنگ بنیاد اور تمام ترقیاتی منصوبوں کی بنیاد ہے۔ ہمارا حتمی مقصد ایک روشن مستقبل کے لیے شہریوں کی زندگی کے معیار کو بڑھانا ہے۔

شہریوں کی رہائش کے لیے علاقے کا نام لطیفہ سٹی رکھنے کا مقصد شیخ محمد کی والدہ شیخہ لطیفہ بنت حمدان بن زاید النہیان کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ۔عزت مآب نے اپنی کتاب 'مائی سٹوری' کا ایک اہم حصہ دبئی میں اپنی والدہ کی انسانی خدمات اور بااثر کردار کے لیے وقف کیا۔

شہریوں کے لیے مختص ہاوسنگ پلاٹ 40 ملین مربع فٹ کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں، جن کی ملکیت دبئی کے اہل شہریوں کو فروری میں حوالے کی جائے گی۔ ان میں لطیفہ سٹی میں 2700 پلاٹس اور الیلا یس 5 کے علاقے میں 800 پلاٹس شامل ہیں۔ شہریوں کے لیے 2,300 نئے مکانات الخوانیج 2، العویر، وادی العمردی اور حتا کے علاقوں میں واقع ہیں۔

دبئی کے کمشنر جنرل برائے انفراسٹرکچر، اربن پلاننگ، و فلاح و بہبود مطر الطایر جو دبئی میں شہری منصوبہ بندی کی سپریم کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں، نے اقدامات پر عملدرآمد ، مثالی رہائشی علاقوں کو ڈیزائن کرنے، اور رہائشی منصوبے شروع کرنے کے لیے کمیٹی کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس عزم کا مقصد دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان کے مقاصد کو حاصل کرنا ہے، جس کا مقصد کمیونٹی کو بااختیار بنانے اور خاندانی استحکام کو یقینی بنانے پر مرکوز عالمی ترقی کا ماڈل قائم کرنا ہے۔

دبئی میونسپلٹی کے ڈائریکٹر جنرل داود عبدالرحمن الھاجری نے شہریوں اور آنے والی نسلوں کی خوشیوں اور بہبود کو بڑھانے کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ فعال طور پر تعاون کے لیے میونسپلٹی کے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے مزید کہا کہ ان کوششوں کا مقصد دبئی میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا تھا، جس میں انسانوں پر مرکوز نقطہ نظر اور مجموعی معیار زندگی کو بہتر بنانے پر زور دیا گیا۔

محمد بن راشد ہاسنگ اسٹیبلشمنٹ کے سی ای او عمر حمد عبداللہ حمد بو شہاب نے جدید اور مربوط ہاسنگ سروسز کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسٹیبلشمنٹ کے عزم کو اجاگر کیا۔ اس طرح کے تمام اقدامات دبئی میں اماراتی خاندانوں کے سماجی استحکام کو یقینی بنانے، دبئی 2040 اربن ماسٹر پلان کے مقاصد سے ہم آہنگ، اور مستقبل کے لیے اپنی خواہشات پر پوری طرح غور کرتے ہوئے دبئی بھر میں لاگو ہونے والے جامع پائیدار ترقی کے ماڈل کو تقویت دینے کی کوشش ہے۔

عزت مآب شیخ محمد بن راشد نے اس ماہ کے شروع میں 208 ارب درہم مالیت کا دبئی سوشل ایجنڈا پروگرام شروع کیا تھا، جس کا ایک اہم مقصد ایک دہائی کے اندر امارت میں اماراتی خاندانوں کی تعداد کو دوگنا کرنا ہے عزت مآب نے شہریوں کے لیے رہائش کے معیار، صحت کی خدمات اور مجموعی معیار زندگی کو مزید بڑھانے کے منصوبے بھی ترتیب دیے ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک