دبئی، 15 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ DXB LIVE، دبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر (ڈی ڈبلیو ٹی سی) کی ایونٹ مینجمنٹ اور تجرباتی ایجنسی ڈی ایکس بی لائیو نے اعلان کیا ہے کہ ورلڈ آف کافی 2024 نمائش کا تیسرا ایڈیشن 21 سے 23 جنوری 2024 کو ڈی ڈبلیو ٹی سی میں منعقد ہوگا،جس میں 51 ممالک کی 1,650 کمپنیاں اور برانڈز شرکت کریں گے۔
اسپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس تین روزہ ایونٹ میں امریکہ، جرمنی، کینیڈا، سلوواکیہ، پرتگال، آئرلینڈ، کویت، ناروے، تائیوان، تھائی لینڈ، پاکستان ، ایراناور آسٹریلیا، سمیت دیگر ممالک کی کافی کمپنیاں اور برانڈز شرکت کریں گے۔
اس ایڈیشن میں ہندوستان، میانمار، روانڈا، یوگنڈا، ایکواڈور، کوسٹا ریکا اور ایل سلواڈور کی موجودگی کے ساتھ، 7 قومی پویلین شرکت کریں گے، جو پچھلے ایڈیشن کی تعداد سے دوگنا ہیں۔
ڈی ایکس بی لائیو کے سینئر نائب صدر خالد الحمادی نے اس حوالے سے کہا کہ ہمیں اس نمائش میں متعدد ممالک، کاروباری اداروں، برانڈز، ماہرین اور کافی صنعت کے ماہرین کی شرکت پر بہت فخر ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ یہ تقریب نمائش کنندگان کے لیے اس متحرک صنعت میں اپنی اختراعی مصنوعات، خدمات اور اہم منصوبوں کی نمائش کے لیے ایک اہم موقع ہوگا۔ مزید برآں، یہ کافی کے شعبے میں قابل قدر معلومات، مہارت اور اختراعات کے تبادلے کے لیے دنیا کے مختلف حصوں سے نمائش کنندگان اور زائرین کے درمیان بات چیت کے لیے ایک نتیجہ خیز فورم بھی فراہم کرے گا۔
ورلڈ آف کافی 2024 میں دبئی ملٹی کموڈٹیز سینٹر (ڈی ایم سی سی) کا کافی سینٹر ایک فارمرز پویلین قائم کرے گا تاکہ کافی پیدا کرنے والے مختلف ممالک اور خطوں کے کسانوں کو سبز کافی بینز کی نمائش اور فروخت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔ پویلین کاشتکاروں کو کافی بینز اور ان کے ذرائع کے بارے میں ذائقہ، انتخاب اور جاننے کے علاوہ عالمی کافی مارکیٹ میں ان کے کاروبار کی ترقی میں مدد فراہم کرے گا۔ روانڈا، کولمبیا، ہونڈوراس، برازیل، کوسٹا ریکا اور ایتھوپیا کے کسان اور تنظیمیں دنیا کی کافی بیلٹ میں لاکھوں کسانوں کی نمائندگی کریں گی۔
ورلڈ آف کافی 2024 کا ایجنڈا متعدد ایونٹس اور سرگرمیوں پر مشتمل ہے، جس میں 'یو اے ای نیشنل بارسٹا چیمپئن شپ'، 'نیشنل لیٹ آرٹ چیمپئن شپ' اور 'کافی ڈیزائن ایوارڈز' اور 'بہترین نئی مصنوعات کے مقابلے' شامل ہیں۔ تقریب میں لیکچرز اور ورکشاپس کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔ اس میں کافی کی صنعت کی خصوصی انجمنوں کا گروپ بشمول برازیلین اسپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن، سعودی کافی کمپنی، اسپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن آف پاناما، اور یوگنڈا کافی ڈیولپمنٹ اتھارٹی شریک ہوں گے۔
ترجمہ۔تنویرملک