شارجہ میں 9 واں خورفکان فیسٹیول 20 جنوری کو شروع ہوگا

شارجہ، 15 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ خورفکان تھیٹر فیسٹیول کا نواں ایڈیشن 20 جنوری کو سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران عزت مآب ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی کی سرپرستی میں شروع ہوگا۔

شارجہ میں محکمہ ثقافت کے زیر اہتمام سالانہ فیسٹیول کے آئندہ ایڈیشن میں متعدد مقامی اور بین الاقوامی تھیٹر اور پرفارمنگ آرٹس گروپس شرکت کریں گے،جو کارنیول جیسے ایونٹ کے دوران متنوع فنکارانہ، تعلیمی اور تفریحی پرفارمنس پیش کریں گے۔

فیسٹیول کا آغاز وادی شی اسکوائر سے ایونٹ کے مقام خورفکان پارک تک 60 منٹ کی پریڈ سے ہوگا۔ پریڈ میں تخلیقی طور پر موٹرائزڈ اور ایکروبیٹک گیمز اور مختلف فنکارانہ، ثقافتی، پولیس، اسکول اور اسکاؤٹ گروپس کے ساتھ مزین گاڑیاں شامل ہوں گی۔

فیسٹیول کے میدان میں تمام ضروری آڈیو ویژول سہولیات کے ساتھ تین پلیٹ فارم شامل ہیں۔ تہوار کا آغاز "فن العالیہ" کے ساتھ ہوگا، جو ملک کے قدیم ترین روایتی فنون میں سے ایک ہے جس میں نغمہ سرائی کو پرفارمنس کی دیگر اقسام کے ساتھ ملایا گیا ہے، جس میں اماراتی کمیونٹی کی بھرپور روایات اور اقدار کو نمایاں کیا گیا ہے۔

عاتقہ بنت زاید پرائمری اسکول کی طرف سے "A Rooster In Our Field" اور العقد الفرید پرائمری اسکول کی "The Ant and the Grasshopper" کے نام سے دو اسکول تھیٹر پرفارمنسز پیش کی جائیں گی۔ اسی اسٹیج سے ہدایتکار جاسم التمیمی کے ڈرامے " آئیے تھوڑی گفتگو کریں" پیش کیا جائے گا ، جسے کلبا شارٹ پلے فیسٹیول کے دسویں ایڈیشن میں خصوصی جیوری ایوارڈ ملا تھا۔

اس کے بعد اسی اسٹیج سے مصری ورثے کی نمائش کی جائے گی،اس کے بعد گرین اسٹیج پر شارجہ اسکاؤٹس ٹیم کی طرف سے پیش کردہ ڈرامہ "دی پریزنرز" پیش کیا جائے گا۔

فیسٹیول میں افریقہ اور ہندوستان کی لوک داستانوں کے ساتھ ساتھ "الدان" اور"ال لیو" جیسے دیگر مشہور شوز پیش کیےجائیں گے۔ مزید برآں،ایجنڈے میں ماسک، سجاوٹ اور فیشن کے فنون میں انٹرایکٹو مقابلے بھی شامل ہیں۔


ترجمہ۔تنویرملک