ابوظہبی، 15 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ "تراحم - غزہ کے لیے" مہم کی حمایت کے لیے امارات ہلال احمر(ای آرسی) کے زیر انتظام عطایا چیریٹی نمائش کا13واں ایڈیشن ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ایدنیک) کے مرینا ہال میں شروع ہوگیا۔
ابوظہبی کمرشل بینک (اے ڈی سی بی) کے زیر اہتمام چھ روزہ ایونٹ صدارتی عدالت اورالظفرہ ریجن میں حکمران کی نمائندہ عدالت کے اشتراک سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
مختلف مقامات کا سفر کرتے ہوئے سالانہ نمائش میں انسانیت کے مختلف پہلوؤں کو پیش کیا جارہا ہے۔ اس سال، اس میں مختلف ممالک کے 140 سے زیادہ نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں متحدہ عرب امارات کے نمائش کنندگان کی ایک قابل ذکر تعداد شامل ہے۔
اس نمائش میں متعدد کاروباری افراد اور ڈیزائنرز موجود ہیں جنہیں نمائش کی اعلیٰ کمیٹی نےامارات ہلال احمر (ای آر سی) کے معاون چیئرمین برائے امور خواتین،عطایا اقدام کی اعلیٰ کمیٹی کی چیئرپرسن اور الظفرہ ریجن میں حکمران کے نمائندہ اور ای آر سی کے چیئرمین عزت مآب شیخ حمدان بن زاید النہیان کی اہلیہ عزت مآب شیخہ شمسہ بنت حمدان بن محمد النہیان کی رہنمائی اورتعاون سے منتخب کیا تھا۔
عطایا چیریٹی نمائش میں فیشن، زیورات، گھریلو لوازمات اور پرفیوم سمیت کئی تخلیقی شعبوں میں مقامی اور بین الاقوامی ہنرمندوں اور ڈیزائنرز کے فن پاروں کی نمائش کی جارہی ہے۔ نمائش میں کئی مقامی ریستوراں اور کیفے شرکت کررہے ہیں۔
شیخہ شمسہ نے اس بات پر زور دیا کہ ایونٹ کا موجودہ ایڈیشن غیر معمولی حالات میں منعقد کیا جا رہا ہے کیونکہ غزہ میں فلسطینی عوام بہت سے چیلنجوں سے نبرد آزما ہیں۔ اس لیے، عطایا کی اعلیٰ کمیٹی نے اپنی کوششوں کو تراحم - غزہ کے لیے مہم کے ساتھ منسلک کیا ہے تاکہ جنگ سے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکے، جو دوست ممالک کے ساتھ اتحاد اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کے لیے متحدہ عرب امارات کے نقطہ نظر کی عکاسی ہے۔
شیخہ شمسہ نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران، عطایا چیریٹی نمائش نے مختلف شعبوں خاص طور پر صحت، تعلیم، سماجی اور دیگر خدمات میں بہت سے اہم انسانی مسائل کو حل کرنے میں مدد کی ہے، شیخہ شمسہ نے کہا کہ کئی ممالک میں کئی اہم منصوبے ممل کیے گئے جن سے 10لاکھ سے زیادہ لوگوں کو فائدہ پہنچا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نقطہ نظر نے عطایا انیشیٹو کو متحدہ عرب امارات کے عالمی انسانی مشن کے ساتھ جوڑ دیا ہے، جسے وہ اپنی قیادت کی ہدایات کے مطابق جاری رکھے ہوئے ہے۔
تراحم - غزہ کے لیے مہم، جو اکتوبر 2023 میں شروع ہوئی ، متحدہ عرب امارات کی غزہ کی پٹی میں مصیبت زدہ لوگوں کی مدد اور فلسطینی عوام، خاص طور پر بچوں اور خواتین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے انسانی اور امدادی کوششوں کو اجاگر کرتی ہے۔
اس مہم کا انتظام وزارت برائے امور خارجہ، وزارت برائے کمیونٹی ڈویلپمنٹ ۔ ای آر سی اور ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کے تعاون سے کررہی ہے جس میں20 خیراتی اور انسان دوست تنظیمیں شریک ہیں۔
اس مہم کا مقصد فلسطینی بچوں اور غزہ کی صورتحال سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور آبادی کے کمزور طبقات خاص طور پر بچوں، جو غزہ کی پٹی کی آبادی کا نصف کے قریب ہیں، جن کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہے، انہیں اوران کی ماؤں کو ضروری اشیاءاورطبی سامان فراہم کر کے ان کے مصائب کو کم کرنا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک