ابوظہبی، 16 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے سنٹرل بینک (سی بی یو اے ای) کی نومبر 2023 کے آخر میں بیلنس شیٹ 670 ارب درہم تک پہنچ گئی، جس سے اس کی مالی طاقت میں نمایاں اضافہ ہوا۔ یہ متاثر کن اضافہ بینک کی تازہ ترین بیلنس شیٹ رپورٹ میں سامنے آیاہے۔
رپورٹ کے مطابق مرکزی بینک کی بیلنس شیٹ میں سالانہ 30.4 فیصد اضافہ ہوا ، جو نومبر 2022 کے 513.61 ارب درہم کے مقابلے میں نومبر 2023 تک 669.72 ارب درہم تک پہنچ گئی ۔ یہ 156.1 ارب درہم کا ایک بڑا اضافہ ہے۔
اضافے کا رجحان حالیہ رجحان نہیں ہے۔ مرکزی بینک کی بیلنس شیٹ نے 2023 کے پہلے گیارہ ماہ میں 21.2فیصد کی مسلسل شرح نمو کو برقرار رکھا۔ یہ دسمبر 2022 کے آخر میں 552.55ارب درہم کے مقابلے میں بیلنس شیٹ میں اضافی 117.2 ارب درہم کااضافہ ہے۔
اثاثہ جات کے حوالے سے نقدی اور بینک بیلنس اس اضافے کاایک اہم جزو رہے ہیں، جس کی مالیت 323.69 ارب درہم ہے۔ سرمایہ کاری اور ذخائرکا بھی کافی کردار رہا، جن کی کل مالیت بالترتیب 207.98 ارب درہم اور 97.46 ارب درہم ہے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ قرضوں اور ایڈوانسز میں حوصلہ افزا ترقی ہوئی ہے، جو 2.11 ارب درہم تک پہنچ گئی ہے۔ دیگر اثاثوں کی مالیت 38.48 ارب درہم ہے۔
بیلنس شیٹ میں واجبات اور سرمایہ، کرنٹ اور ڈپازٹ اکاؤنٹس کے ساتھ مستحکم رہا ہے جو 292.64 ارب درہم پر سب سے آگے ہے۔ مانیٹری لائسنس کا اجراء اور اسلامی ڈپازٹ سرٹیفکیٹ کی مالیت 213.06 ارب درہم جبکہ جاری کردہ بینک نوٹ اور سکوں کی مالیت 133.82 ارب درہم رہی۔
سرمایہ اور ذخائر 15.45 ارب درہم کے مضبوط مقام پر ہیں، جو بینک کے مالی استحکام کو ظاہر کرتے ہیں۔ خاص طور پر، دیگر واجبات کا حصہ نسبتاً کم یعنی14.75 ارب درہم ہے۔
مرکزی بینک کی بیلنس شیٹ میں اس کی مضبوط پوزیشن اور متنوع اثاثہ جات پورٹ فولیو کو نمایاں کیاگیا ہے۔ مختلف کیٹیگریز میں ترقی متحدہ عرب امارات میں صحت مند اور متحرک مالیاتی صورتحال کی عکاسی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک