متحدہ عرب امارات کی زیر صدارت ابوظہبی میں عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کے 52ویں اجلاس کا انعقاد

ابوظہبی، 16 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں 15 جنوری سے عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کے 52ویں دورازہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس کی صدارت متحدہ عرب امارات کی جانب سے ٹی ڈی آر اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر محمد الرمزی نے کی۔

مختلف عرب ممالک کے وفود، عرب ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن کونسل آف منسٹرز کے ٹیکنیکل سیکریٹریٹ، اور مبصر کا درجہ رکھنے والے اداروں اور تنظیموں کے نمائندوں بشمول آئی ٹی یو علاقائی دفتر برائے عرب ریاستوں نے اجلاس میں شرکت کی۔

یہ اجلاس جمعرات 18 جنوری کو ابوظہبی میں ہونے والے عرب وزرائے مواصلات و اطلاعات کی کونسل کے اجلاس کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

یہ اجلاس بدھ 17 جنوری 2024 کو عرب ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ انفارمیشن کونسل آف منسٹرز کے ایگزیکٹو بیورو کے اجلاس سے قبل ہوگا جس کی صدارت متحدہ عرب امارات میں ہوگی۔

عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کا اجلاس محمد الرمزی کے خطاب سے شروع ہوا۔

انہوں نے مسقط میں 51ویں سیشن کی کامیاب میزبانی پر سلطنت عمان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید برآں، انہوں نے قابل قدر سفارشات کے ذریعے ایجنڈے کی تشکیل کے لیے عرب لیگ کے سیکرٹریٹ جنرل اور ذیلی ٹیموں کی کوششوں کو سراہا۔

الرمزی نے کہا کہ یہ اجلاس 20 نومبر سے 15 دسمبر 2023 تک متحدہ عرب امارات میں عالمی ریڈیو کمیونیکیشن کانفرنس(ڈبلیو آر سی-23) کے شاندارانعقاد کے بعد ہورہا ہے۔ یہ ایک عرب اور امارات کی قابل فخر کامیابی ہے جو فعال ہم آہنگی اور مسلسل مشاورت سے حاصل کی گئی۔ عرب ٹیم نے متعدد مشترکہ شراکتیں فراہم کرنے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بات چیت کو فروغ دینے میں ہم آہنگی سے کام کیا، مفاہمت حاصل کی، اور علاقائی گروپوں کے درمیان متفقہ حل حاصل کیاگیا۔

ٹی ڈی آر اے میں گورنمنٹ ریلیشنز اینڈ انٹرنیشنل کوآپریشن کے سینئر آفیسر اور یو اے ای وفد کے سربراہ حمید البسطی نے ایجنڈے کے موضوعات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا، "ہم ایسے اہم موضوعات پر غور کریں گے جو ہمارے عرب معاشروں کی امنگوں سے ہم آہنگ ہوں گے، جو تیزی سے بدلتی ہوئی حقیقت اور جدید ٹیکنالوجیز کی دانشمندانہ تفہیم کی عکاسی کرتے ہیں۔

عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کے 52 ویں اجلاس کا ایجنڈا مواصلات کے شعبے میں باہمی تعاون سے متعلقہ متعدد مسائل اور موضوعات پر مشتمل ہے۔ اس میں عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کے ورکنگ گروپس کے اجلاسوں کے نتائج، سائبرسیکیوریٹی کے مسائل، حال ہی میں متحدہ عرب امارات کے زیر اہتمام WRC-23 کے نتائج، مواصلات اور معلومات کے لیے عرب حکمت عملی، آئی ٹی یو عہدوں اور کمیٹیوں کے امیدواروں کے معیار پر بات چیت شامل ہے۔

عرب آئی سی ٹی کی مستقل کمیٹی کونسل آف عرب وزرائے مواصلات اور اطلاعات کے تحت کام کرتی ہے۔ یہ خصوصی وزارتی کونسلوں میں سے ایک ہے جو کونسل آف دی عرب سٹیٹس کے فریم ورک کے اندر کام کر رہی ہے۔

ترجمہ۔تنویرملک