دبئی، 17 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ دبئی اسپورٹس کونسل کے چیئرمین عزت مآب شیخ منصوربن محمد بن راشد المکتوم نے دبئی انٹرنیشنل اسپورٹس کانفرنس کے 18ویں ایڈیشن کے لیے مندوبین کے ساتھ ساتھ 'دبئی گلوب ساکر' ایوارڈ تقریب کے 14ویں ایڈیشن کے خصوصی مہمانوں کاخیرمقدم کیا ہے۔
فٹ بال کے بین الاقوامی کھلاڑی اور اس کھیل سے وابستہ فیصلہ ساز جمعہ 19 جنوری کو دی پام کے اٹلانٹس ہوٹل میں 'فٹ بال میں پائیداری اور کارکردگی' کے موضوع کے تحت ہونے والی کانفرنس اور اس کے بعد مختلف ایوارڈ کیٹیگریز میں فاتح کھلاڑیوں، کوچز اور ڈائریکٹرز کے اعزاز میں گالا تقریب میں شرکت کریں گے۔
شیخ منصور نے کہا کہ دبئی اسپورٹس کونسل نے 2006 میں دبئی اسپورٹس کانفرنس کا آغاز کیا تاکہ ماہرین کے ساتھ مکالمے اور بات چیت کا عالمی پلیٹ فارم قائم کیا جاسکے اور نچلی سطح پر فٹ بال اور مستقبل کے لیے اس کے مواقع کو سامنے لایا جاسکے۔ کلبوں اور بین الاقوامی فیڈریشنوں میں فیصلہ سازوں نے اس کے سیشنز میں حصہ لیا ہے،جس کی قیادت فیفا اوریورپی اور ایشیائی فٹ بال کی دو فیڈریشنوں نے کی ہے۔ اسپورٹس کانفرنس سے کھلاڑیوں، کوچز اور انتظامی شخصیات کو ایک فورم فراہم ہوا ہے جنہوں نے انتہائی اہم چیلنجز اور مواقع کا جائزہ لیا یا ایسے اقدامات شروع کیے جنہوں نے فٹ بال کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس کے ساتھ ساتھ دبئی گلوب ساکر ایوارڈ، جو 2010 میں دبئی میں شروع کیا گیا تھا، ایسے ایونٹس بن گئے ہیں جس کا ہر ایک کو بے صبری سے انتظار رہتاہے جو اپنے پسندیدہ فٹ بال کھلاڑیوں اور ان کے سفر اور کامیابی کے بارے میں مزید جاننا چاہتے ہیں۔ بین الاقوامی کھلاڑیوں اور بڑی فیڈریشنز اور کلبوں کے عہدیداروں کی موجودگی فٹ بال میں سرمایہ کاری کو فروغ اور ہیڈ کوارٹرز اور اکیڈمیوں کو یکساں طور پر آگے آنے میں سہولت فراہم کرتی ہے، اس طرح ٹیلنٹ کو دریافت کرنے، راغب کرنے اور ان کو نکھارنے کے مزید مواقع فراہم کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال، دبئی اسپورٹس کونسل کانفرنس کے لیے ایک تھیم کا انتخاب کرتی ہے گزشتہ ایڈیشنز کے بعد گورننس، بااختیار بنانے، معیشت، سرمایہ کاری، اور چیمپین شپ کے راستے سے متعلق موضوعات شامل ہیں۔ ہم نے وسائل اور کارکردگی کی پائیداری اور کامیابی پر توجہ دی ہے ۔ دنیا بھر سے کامیاب کھلاڑیوں، کوچز، اور مینیجرز کی شرکت بلاشبہ یو اے ای میں موجود شائقین اور بین الاقوامی شائقین پر مثبت اثر ڈالے گی جو اس ایونٹ کو اپنی اسکرینز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دیکھ رہے ہوں گے۔
کانفرنس کا آغاز 19 جنوری کو ’’خواتین اور فٹ بال‘‘ کے سیشن سے ہوگا۔ اس کی میزبانی دبئی پریس کلب کرے گا جس میں پیشہ ور فٹ بال میں نمایاں خواتین شامل ہوں گی۔ 'فٹ بال میں پائیداری اور کارکردگی' کے عنوان سے سیشن شام کو اٹلانٹس ہوٹل میں ہوگا اور اس کے بعد دبئی گلوب ساکر ایوارڈ کی تقریب ہوگی، جس میں فٹبال کی دنیا کے کچھ بڑے کھلاڑی ار کوچز شرکت کریں گے۔
ترجمہ۔تنویرملک