متحدہ عرب امارات کی 2023 کی شرح نمو 2024 میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے:اوپیک

ویانا، 17 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ پیٹرولیم برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم (اوپیک) نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے غیر تیل کے شعبے نے "2023 کے دوران مستحکم ترقی کی ہے اور اضافے کا یہ رجحان 2024 میں بھی جاری رہے گا۔"

جنوری کے لیے اوپیک کی ماہانہ آئل مارکیٹ رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے نان آئل سیکٹر کے لیے پرچیزنگ مینیجرز انڈیکس (پی ایم آئی) نومبر میں 57.0 کے مقابلے میں دسمبر 2023 میں 57.4 تک پہنچ گیا۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ سرگرمیوں میں موجودہ اضافہ سے اضافی ملازمتیں بھی پیدا ہوئی ہیں۔

مزید برآں، دبئی میں رئیل اسٹیٹ سیکٹرنے بھی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،اورحالیہ مہینوں میں دہائی کی بلند ترین سطح پر جائیدادوں کی فروخت ہوئی۔ آکسفورڈ اکنامکس کے مطابق، متحدہ عرب امارات کا سیاحتی شعبہ بھی نمایاں کاکردگی دکھا رہاہے جس کی یو اے ای کے جی ڈی پی میں براہ راست اور بالواسطہ طور پر سپلائی چین اور اس سے منسلک اخراجات پرشراکت 16 فیصد ہے۔

رپورٹ کے مطابق، دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، دنیا کے مصروف ترین بین الاقوامی ہوائی اڈے کے طور پر،وبا سے پہلے کے مسافروں کی سطح کو پیچھے چھوڑ گیا ہے اور جنوری سے اکتوبر 2023 تک دبئی آنے والوں کی تعدادگزشتہ سال کے مقابلے میں22 فیصد بڑھ کر 13.9 ملین ہو گئی ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک