اسٹراٹا کی 2023 میں بین الاقوامی شراکت داروں کےلیے ترسیل میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ

ابوظہبی، 17 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ مبادلہ انویسٹمنٹ کمپنی کی ملکیتی اسٹراٹا مینوفیکچرنگ پی جے ایس سی (اسٹراٹا ) کی 2022 کے مقابلے میں 2023 میں عالمی ایرو اسپیس اور جدید صنعت کے شعبوں میں آلات اور پارٹس کی ترسیل میں 40 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق، اسٹراٹا نے 773 شیپمنٹس روانہ کیں، جن میں 7ہزار880 آلات اور پارٹس شامل تھے جو بوئنگ،ایئربس، لیونارڈو اور پیلاٹس جیسی بڑی ایرو اسپیس کمپنیوں کو بھیجے گئے۔

2010 میں اپنے آغاز کے بعد سے، اسٹراٹا نے دنیا بھر کی مشہور ہواباز کمپنیوں کے لیے 'میڈ ود پرائیڈ ان دی یو اے ای' کے لیبل کے ساتھ کل 83,236 آلات اور پارٹس پر مشتمل 5,902 کھیپیں کامیابی کے ساتھ فراہم کی ہیں۔ اسٹراٹا کی 30 پروڈکشن لائنوں نے عالمی ہوابازی کی صنعت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جس کا ثبوت یہ ہے کہ عالمی سطح پر ہر دس میں سے ایک طیارہ العین میں اسٹراٹا کے تیار کردہ آلات اور پارٹس استعمال کررہا ہے۔

اسٹراٹا کے مینیجنگ ڈائریکٹر اسماعیل علی عبداللہ نے جدید مینوفیکچرنگ میں جدت کے لیے اسٹراٹا کی لگن پر زور دیا، یہ عزم خاص طور پر ہوا بازی کی صنعت میں متحدہ عرب امارات کی عالمی مسابقت کو ظاہرکرتا ہے۔

جدت اور لگن کے ساتھ اسٹراٹا کی کامیابیوں نے ممتاز بین الاقوامی ہوابازی کمپنیوں کا اعتماد حاصل کیا ہے اور اسے عالمی ہوا بازی اور جدید مینوفیکچرنگ کے مستقبل میں کلیدی شراکت داربنادیا ہے۔


ترجمہ۔تنویرملک