جنیوا، 17 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 2023 میں 3 فیصد سے زیادہ کا معمولی اضافہ ہوا جو 2023 میں اندازاً 13کھرب 70ارب ڈالر تک پہنچ گئی، سال کے شروع میں کساد بازاری کے خدشات کم ہونے کی وجہ سے اندازوں کے برعکس مالیاتی منڈیوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
اقوام متحدہ کی تجارت و ترقی کانفرنس (یو این سی ٹی اے ڈی) کے گلوبل انویسٹمنٹ ٹرینڈز مانیٹر کے مطابق عالمی ایف ڈی آئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا، لیکن اقتصادی بے یقینی اور بلند شرح سود نے عالمی سرمایہ کاری کو متاثر کیا۔ ایف ڈی آئی اضافہ بنیادی طور پر چند یوروپی معیشتوں کی وجہ سے تھا۔ ان کو چھوڑ کر، عالمی ایف ڈی آئی کا بہاؤ 18 فیصد کم تھا۔
ترقی یافتہ ممالک میں،لکسمبرگ اور نیدرلینڈز کی وجہ سے یورپی یونین میں ایف ڈی آئی 2022 میں منفی 150 ارب ڈالر سے بڑھ کر مثبت 141 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ان دو ممالک کو چھوڑ کر، ای یو کے باقی ممالک میں باہ راست سرمایہ کاری کی آمد 23 فیصد کم تھی۔
ترقی پذیر ممالک میں ایف ڈی آئی کا بہاؤ 9 فیصد کم ہو کر 841 ارب ڈالر ہو گیا، زیادہ تر خطوں میں بہاؤ میں کمی یا جمود کے ساتھ۔ ترقی پذیر ایشیا میں ایف ڈی آئی میں 12 فیصد اور افریقہ میں 1 فیصد کمی واقع ہوئی۔ لاطینی امریکہ اور کیریبین میں ایف ڈی آئی مستحکم رہی کیونکہ وسطی امریکہ نے اس رجحان میں پیش رفت کی۔
ترجمہ۔تنویرملک