ڈیووس، سوئٹزرلینڈ، 18 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کے 54 ویں ایڈیشن میں “یو اے ای: نیوی گیٹنگ اے فریگمنٹڈ ورلڈ ”کے عنوان سے منعقدہ سیشن کے دوران، یو اے ای کے وزراء نے اپنی حکومت کی اقتصادی ترقی،شراکت داری، بین الاقوامی تجارتی ترقی کو فروغ دینا اور دنیا بھر کے مختلف ممالک کے ساتھ تعاون پ مبنی رابطوں کے کے متاثر کن ماڈل کو پیش کیا۔
سیشنز کے دوران،وزراء نے اقتصادی اور تجارتی سطح پر متحدہ عرب امارات کی کامیابیوں، اہم ٹیکنالوجیز کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی سرگرمیوں، اور ابھرتے ہوئے اقتصادی شعبوں کے لیے دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے متحدہ عرب امارات کی قومی معیشت میں معیاری تبدیلیوں اور عالمی تبدیلیوں کے باوجود اس کی لچک اور ترقی پر زور دیا۔
وزیر اقتصادیات عبداللہ بن طوق المری،وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی، اورمصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اکانومی اور ریموٹ ورک ایپلی کیشنز کے وزیر مملکت عمر سلطان العلما نے پروفیسر نگائر ووڈس کے ساتھ سیشن میں شرکت کی جو کہ بلاواتنک سکول آف گورنمنٹ کے بانی ڈین اور آکسفورڈ یونیورسٹی میں گلوبل اکنامک گورننس کے پروفیسر ہیں۔
ایک پائیدار قومی معیشت
سیشن کے دوران، عبداللہ بن طوق المری نے بین الاقوامی سطح پر اقتصادی ترقی اور تعاون کے لیے ایک اہم عنصر کے طور پر اقتصادی شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی معیشت میں مسلسل ترقی کی روشنی میں اقتصادی شراکت داری کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی کثیر الجہتی اقتصادی نظام کی حمایت جاری رکھنے اور علاقائی اور عالمی سطح پر اسٹریٹجک مارکیٹوں کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
بن طوق نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے عالمی شراکت داریوں اور تعاون کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورک سے اس کی باوقار اقتصادی حیثیت میں مزید اضافہ ہوگا اور قومی معیشت کی ترقی اور پائیداری میں مدد ملے گی۔ انہوں نے ملک کے مستحکم انفراسٹرکچر اور مخصوص اسٹریٹجک محل وقوع کے علاوہ کاروباری اور اقتصادی سرگرمیاں کرنے کے لیے سرمایہ کاری کے مستحکم ماحول اور مسابقتی ٹیکس فوائد پر روشنی ڈالی۔
وزیر اقتصادیات نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات ہنرمندوں کو راغب کرکے، نئی اقتصادی قانون سازی کرکے اور مختلف شعبوں میں تخلیقی صلاحیتوں اور اختراعات کو فروغ دے کر یو اے ای 2031 کے وژن کے ساتھ نئی معیشت کے عالمی مرکز کے طور پر اپنا مقام قائم کرنے میں آگے بڑھ رہا ہے۔
اقتصادی شراکت داری میں توسیع
ڈاکٹر ثانی احمد الزیودی نے سیشن کے دوران کہا کہ موجودہ عالمی عدم استحکام اور بین الاقوامی تجارت میں ٹوٹ پھوٹ کے باوجود متحدہ عرب امارات ایک قابل اعتماد تجارتی پارٹنر، سرمایہ کاری کی ایک پرکشش منزل اور عالمی سپلائی چین میں ایک قابل اعتماد لنک کے طور پر اپنی حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔
ڈاکٹر ثانی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی غیر ملکی تجارتی پالیسی اس کے جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدوں پر مبنی ہے، جو دنیا کی ایک چوتھائی آبادی تک مارکیٹ تک رسائی کو کھول کر نجی شعبے کے لیے نئے مواقع کو فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات بین الاقوامی تجارت کو بڑھانے، اسے آسان، سستا، شفاف اور زیادہ متوقع بنانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی ایپلی کیشنز کو بروئے کار لانے کی حمایت کرتا ہے۔
اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ملک مجموعی تجارتی حجم، برآمدات اور ری ایکسپورٹ میں نئے سنگ میل عبور کر رہا ہے۔
ڈاکٹر ثانی نے کہا کہ غیر ملکی تجارت متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی اور تنوع میں سب سے آگے ہے انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کھلے، مستعد اور قواعد پر مبنی عالمی تجارتی نظام سے منسلک کثیرالجہتی، ترقی کا بنیادی عنصر ہے، اور ہم تکنیکی طور پر بہتر اور مکمل طور پر قابل رسائی سپلائی چینز کی ترقی کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں۔
جامع ڈیجیٹلائزیشن اپروچ
عمر سلطان العلماء نے کہا کہ دنیا کو درپیش چیلنجز تمام ممالک کی جانب سے اپنائے ہوئے مستقبل کی تشکیل کے مشترکہ وژن پر مبنی موثر اور مثبت بین الاقوامی تعاون قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس تعاون کی افادیت کو بڑھانے اور جدت کو فروغ دینے اور ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ذمہ دارانہ استعمال کو یقینی بنانے کے ساتھ ٹیکنالوجی کے ذریعے تعاون یافتہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے خیالات اور کامیاب طریقوں کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
العلماء نے مزید کہا کہ آج دستیاب تکنیکی صلاحیتیں مختلف شعبوں کی ترقی کو فروغ دینے والے، جدت کے لیے ایک کلیدی این ایبلر اور ترقی کےماحول کی نمائندگی کرتی ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے مثبت اثرات میں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنا، حکومتوں کے لیے مجموعی گھریلو پیداوار کو بڑھانے، کارکردگی کو بہتر بنانے، اور کمیونٹیز کی فلاح و بہبود میں اضافہ کرنے کے ذریعے ممالک کی اقتصادی ترقی میں مدد کرنا شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو عالمی معیشت میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کا احساس ہے اور اس نے ایک جامع نقطہ نظر اختیار کیا ہے جو ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری، معاون ریگولیٹری ماحول، تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی کو یکجا کرتا ہے۔
العلماء نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ڈیجیٹائزیشن کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں اسے ترجیح دینے کے لیے فعال طور پر کام کیا ہے تاکہ مصنوعی ذہانت 2031 کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکمت عملی اور ڈیجیٹل معیشت کے لیے متحدہ عرب امارات کی حکمت عملی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔
العلماء نے اس بات پر زور دیا کہ متحدہ عرب امارات عالمی معیشت میں نئی اقدار کی تعمیر، اقتصادی ذرائع کو متنوع بنانے اور ابھرتے ہوئے اور مستقبل کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں ٹیکنالوجی کے کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک