متحدہ عرب امارات اور بھارت:اسٹریٹجک شراکت داری اور دوطرفہ تعلقات کے لیے ایک عالمی معیار

نئی دہلی، 18 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ بھارتی وزارت خارجہ میں خلیج و مغربی ایشیا اور شمالی افریقہ (وانا) خطوں کے ساتھ بھارتی تعلقات کے نگران سکریٹری مکیش کے پردیشی نے کہاہے کی کہ خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) بھارت کا سب سے بڑا علاقائی تجارتی پارٹنر ہے، جس میں جی سی سی ممالک کے ساتھ بھارت کی تجارت مالیت اپریل 2022 سے مارچ 2023 تک تقریباً 184 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔

بھارت کے دورہ پرموجود یو اے ای اور جی سی سی میڈیا کے وفد سے ملاقات کے دوران پردیشی نے بھارت اور جی سی سی ممالک کے درمیان تاریخی دوستی پر اپنے فخر کا اظہار کیا۔

اس موقع پر آئی سی سی انڈیا اور فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف آئی سی سی آئی) کے سیکرٹری جنرل شیلیش پاٹھک نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری ممالک کے درمیان تعمیری تعاون کا ایک منفرد نمونہ ہے۔

جی سی سی میڈیا وفد کے ساتھ ایف آئی سی سی آئی کی جانب سے منعقدہ ایک ملاقات کے موقع پر امارات نیوز ایجنسی (وام) کو ایک بیان میں پاٹھک نےانڈیا یو اے ای اسٹریٹجک پارٹنرشپ ایگریمنٹ اور جامع اقتصادی پارٹنرشپ ایگریمنٹ جیسی اہم شراکتوں کو اجاگر کرتےہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے درمیان دیرینہ اور قریبی دوستی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ، یکم مئی 2022 کو جامع اقتصادی پارٹنرشپ ایگریمنٹ ( سی ای پی اے) کے نفاذ کے بعد سے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو گزشتہ سال 85 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

پاٹھک نے اس بات پر زور دیا کہ صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کا بھارت کا حالیہ سرکاری دورہ، خاص طور پر بھارتی ریاست گجرات ، اور وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ کے دسویں ایڈیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت، متحدہ عرب امارات اور ہندوستان کے تعاون کو بڑھانے کے لیے جاری کوششوں کی عکاسی ہے،انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات صرف اقتصادی شعبوں تک محدود نہیں بلکہ اس میں دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی سے متعلق دیگر شعبے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے جی سی سی میڈیا وفد کے دورہ بھارت کا خیرمقدم کرتے کہا کہ جی سی سی -انڈیا تعلقات ہر سطح پر نمایاں ترقی کررہے ہیں۔

اس موقع پر ہندوستان کی وزارت خارجہ میں خلیج کے جوائنٹ سیکرٹری اسیم مہاجن نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان مضبوط اسٹریٹجک تعلقات ہیں،اور یہ کہ متحدہ عرب امارات بھارت کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ۔ اور اپنے ملک کے لیے دوسری سب سے بڑی برآمدی منزل ہے۔

انہوں نے وام کو بتایا کہ دونوں ممالک کے باہمی دوروں نے تمام شعبوں میں ان کے تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

مہاجن نے متحدہ عرب امارات کے صدر کے حالیہ دورہ بھارت کی اہمیت کو اجاگر کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی کئی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات-بھارت دو طرفہ تعاون مختلف شعبوں تک پھیلا ہوا ہے، جس کی مثال انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی)دہلی کی ابوظہبی میں پہلی شاخ کے قیام کا منصوبہ ہے جو بھارت سے باہر انسٹی ٹیوٹ کی پہلی شاخ ہوگی۔


ترجمہ۔تنویرملک