وزیر اقتصادیات نے ورلڈ آف کافی 2024 کا افتتاح کردیا

دبئی، 21 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ وزیر اقتصادیات عبداللہ بن طوق المری نے ورلڈ آف کافی دبئی 2024 کے تیسرے ایڈیشن کا افتتاح کردیا، جس کا اہتمام ڈی ایک بی لائیو اور اسپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن نے کیا ہے۔ نمائش میں 1,650 سے زیادہ مقامی، علاقائی اور عالمی برانڈز اور کمپنیاں شرکت کررہی ہیں ۔23 جنوری 2024 تک جاری رہنے والی اس نمائش میں 51 ممالک شریک ہیں۔
بن طوق نے دبئی اور شمالی امارات میں کرغزستان کے قونصل جنرل تیمور عبدالجلیل ، ڈی ایکس بی لائیو کے سینئر نائب صدر خالد الحمادی اور، سپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن (ایس سی اے) کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر یانیس اپوسٹولوپولوس کے ہمراہ نمائش میں پویلینزکا دور ہ کیا۔ انہوں نے ایونٹ آرگنائزیشن کی کارکردگی اور اس میں شامل ٹیموں کی محنت کو سراہا۔
دورے کے دوران، بن طوق نے روسٹرز ولیج، کپنگ روم، اور بریو بار پویلین کا بھی دورہ کیا، اور یو اے ای نیشنل بارسٹا اینڈ لیٹ آرٹ چیمپئن شپ 2024 کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ ان مقابلوں میں شرکا کو عالمی باریستا چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائی کرنے کا موقع ملے گا ۔ اس کے علاوہ، بن طوق نے کافی ڈیزائن ایوارڈز اور نیو پروڈکٹ ایوارڈز دونوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا کیا۔
ورلڈ آف کافی 2024 ایڈیشن میں کافی کی صنعت میں پائیداری کو خاص اہمیت دی گئی ہے۔ ایکسپو علاقائی مارکیٹ کی ترقی کو نمایاں کررہی ہے۔ اس میں ماحول دوست زرعی طریقوں کے فروغ اور حیاتیاتی تنوع کو برقرار رکھتے ہوئے کافی کے معیار کو بہترکافی کی پائیدار تحریک پر لیکچرز اور ورکشاپس شامل ہیں۔
پہلے دن، مختلف قسم کی تقریبات اور سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں سے فاطمہ خبیراور میرفت حیدر کے یمنی کافی کے لیے وقف کردہ 2 سیشنز، اور ایک اور سیشن کولڈ بریو کے اہم طریقوں اور جولیا لیچ کی نمایاں معلومات سے متعلق تھا۔
ورلڈ آف کافی دبئی 2024 کے ایگزیبیشن مینیجر شوق بن رضانے کہا کہ ایکسپو کا 2024 ایڈیشن اپنے گزشتہ ایڈیشن کی کامیابیوں کا تسلسل ہے۔ جس میں ورکشاپس اور لیکچرز پیش کیے جارہے ہیں۔ یہ تقریب کافی ڈیزائن ایوارڈز اور بہترین نیو پروڈکٹ ایوارڈز جیسے مختلف عالمی ایونتس کی نمائش کر رہی ہے ، جس کا مقصد کافی کی صنعت میں جدت اور عمدگی کو تسلیم کرنا ہے جبکہ نمائش کنندگان، مہمانوں اور معروف کمپنیوں کے درمیان تعاون اور شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔ اس سال کے ایکسپو میں روسٹرز ولیج، کپنگ روم اور بریو بار پویلینز شامل ہیں، جو زائرین کے لیے متنوع تجربات پیش کر رہے ہیں۔
سپیشلٹی کافی ایسوسی ایشن -یو اے ای چیپٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد الملا نے کہا کہ ہم دبئی میں ورلڈ آف کافی 2024 کے تیسرے ایڈیشن کے بارے میں پرجوش ہیں۔ یہ نمائش متنوع ثقافتوں اور کافی کی تیاری کے طریقوں کے بارے میں جاننے ، صنعت کے تازہ ترین رجحانات سے باخبر رہنے، اور کافی کے شعبے میں پائیداری کو فروغ دینےکا ایک منفرد موقع ہے۔ متحدہ عرب امارات میں منعقد، ورلڈ آف کافی تیزی سے پھیلتی ہوئی کافی کی صنعت میں بین الاقوامی برانڈز اور ان کے علاقائی شراکت داروں کے درمیان تعاون اور مواصلات کے بندھن کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔
جیم روک گرین کارپوریشن کی صدرالیشیا بيلی نے کہا کہ ہم پہلی بار کافی دبئی میں شرکت کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔ یہ نمائش ہمیں کافی کے شائقین، پیشہ ور افراد اور ماہرین کے ساتھ یکساں لحاظ سے ملاقات، مقامی اور عالمی سطح پر اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک منفرد موقع فراہم کرتی ہے۔۔ پورے ایکسپو کے دوران، ہمارا بنیادی مقصد مختلف طریقوں کے ذریعے اپنی کافی مصنوعات کی عمدہ کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کو اجاگر کرنا ہے۔ ان طریقوں میں شامل ہیں نامیاتی کھادوں کا استعمال، 3,500 سے 5,000 فٹ تک کی بلندی پر کافی کی پھلیاں کاشت کرنا، آتش فشاں مٹی میں کافی کی پھلیاں اگانا، اور عربیکا، ٹائپیکا اور گیشا جیسی مختلف اقسام کا انتخاب کرناشامل ہے۔
ورلڈ آف کافی 2024 خطے میں کافی کی صنعت کی مسلسل توسیع کے ساتھ ہم آہنگ ہے۔ مارکیٹ اسٹڈیز اور تجزیوں میں آنے والے سالوں میں کافی مارکیٹ میں مسلسل ترقی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ ڈیٹا برج مارکیٹ ریسرچ کے مطابق، مینا کے علاقے میں کافی اور ایسپریسو مشروبات کی مارکیٹ کی قیمت 2030 تک تقریباً 1.33 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک