متحدہ عرب امارات 2023 میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں کی تعداد میں دوسرے نمبر پررہا:یو این سی ٹی اے ڈی

ابوظہبی، 21 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ اقوام متحدہ کانفرنس برائے تجارت و ترقی (یو این سی ٹی اے ڈی) کی طرف سے جاری کردہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سال 2023 کے دوران متحدہ عرب امارات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں میں 2022 کے مقابلے میں 28 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں نئے غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کی تعداد میں امریکہ کے بعد دوسرا سب سے زیادہ اضافہ متحدہ عرب امارات میں ہوا ۔
"سرمایہ کاری رجحانات مانیٹر" کے عنوان سے رپورٹ میں کہا گیاکہ متحدہ عرب امارات نے دنیا کے کئی خطوں میں سرمایہ کاری میں کمی کے باوجود براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے بہاؤ کو راغب کرنے میں اپنی عالمی کشش کوبرقرار رکھا ۔
وزیر مملکت برائے خارجہ تجارت ڈاکٹر ثانی بن احمد الزیودی نے اس حوالے سے کہا کہ متحدہ عرب امارات عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور تجارتی وسعت کو بڑھا کر اپنی قیادت کے مستقبل کے نظریے سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ ملک براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری، صنعت کاروں، بین الاقوامی ہنرمندوں، اور تخلیقی افراد کو راغب کرنے کے لیے کاروباری ماحول کو بہتر بنانے پر بھی توجہ مرکوز کر رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کے ریکارڈ منصوبے عالمی کاروباری مرکز کے طور پر ملک کی مضبوط ہوتے مقام کو ظاہر کرتے ہیں۔ الزیودی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ تعداد قومی معیشت کی قابل ذکر بحالی، اقتصادی ترقی، غیر تیل کی غیر ملکی تجارت، اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کی کشش میں عالمی معیارات کو پیچھے چھوڑنے کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ متحدہ عرب امارات کی معیشت، پالیسیوں، قانون سازی کے ماحول اور پائیدار ترقی کے عزم پر عالمی کاروباری برادری کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی بھی ہے۔
ترجمہ۔تنویرملک