متحدہ عرب امارات کی فلسطین پر عرب لیگ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت

قاہرہ، 23 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ متحدہ عرب امارات نے فلسطین کے حوالے سے عرب لیگ کونسل کے گزشتہ روز قاہرہ میں ہونے والے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی۔
مصر میں متحدہ عرب امارات کی سفیر اور عرب لیگ میں مستقل نمائندہ مریم خلیفہ الکعبی نے متحدہ عرب امارات کے وفد کی سربراہی کی۔
عرب لیگ کے صدر دفتر میں ہونے والے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر الکعبی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات غزہ کی پٹی میں جنگ بندی کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
الکعبی نے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد فراہم کرنے اور جامع امن کے حل کے لیے کام کرنے کے لیے شراکت داروں کے ساتھ تعاون کے لیے یو اے ای کے عزم پر زور دیا۔

اپنے خطاب کے دوران، الکعبی نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے فعال موقف کو اجاگرکیا جس نے فلسطینی کاز کی حمایت میں متعدد سفارتی اور انسانی بنیادوں پر اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے یو اے ای کی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل رکنیت کے دور میں کامیابیوں کے حوالے سے آگاہ کیا، جس کے دوران دو قراردادیں 2712 اور 2720 منظور کی گئیں۔

الکعبی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات فلسطینیوں کے خلاف اجتماعی سزا کی اسرائیل کی پالیسی کی شدید مذمت کرتا ہے انہون نے فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کسی بھی کوشش کو متحدہ عرب امارات کی جانب سے مسترد کرنے کا اعادہ کیا ۔ انہوں نے شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ، غزہ کے رہائشیوں کو ضروری امداد اور طبی امداد فراہم کرنے اور علاقائی استحکام کو خطرہ بننے والے مزید کشیدگی کو روکنے پر اپنےملک کی غیر متزلزل کوششوں پر زور دیا۔

عرب لیگ میں رکن ممالک کے مستقل نمائندوں کی سطح پر اور عرب ممالک کی حمایت سے فلسطین کی درخواست پر بلائے گئے اس غیر معمولی اجلاس میں فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عرب لیگ کے فریم ورک کے اندر ممکنہ سیاسی، قانونی اور اقتصادی اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں مغربی کنارے میں اسرائیلی جرائم میں اضافے، فلسطینی پناہ گزینوں کے کیمپوں میں بنیادی ڈھانچے کی منظم تباہی، درجنوں شہروں، دیہاتوں اور کیمپوں میں روزانہ کی بنیاد پر فوجی کاررائیوں ،سینکڑوں فلسطینی شہریوں کے قتل اور زخمی ہونے، گھروں کی مسماری، اورہزاروں کی غیر انسانی حراست کو اجاگر کیاگیا۔


ترجمہ۔تنویرملک