صدر نے مصنوعی ذہانت اور ایڈوانس ٹیکنالوجی کونسل کے قیام کا قانون جاری کردیا

ابوظبی،22 جنوری ، 2024 (وام) ۔۔ ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان نے مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کونسل کے قیام کے لیے ایک قانون جاری کیا ہے۔

کونسل ابوظہبی میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں تحقیق، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری سے متعلق پالیسیوں اور حکمت عملیوں کو تیار کرنے اور ان پر عمل درآمد کے لیے ذمہ دار ہوگی۔ شیخ محمد بن زایدنے نئی کونسل کے ارکان کی تقرری کے لیے ایک قرارداد بھی جاری کی ہے۔ حکمران کی قرارداد نے ابوظہبی کے نائب حکمران شیخ تہنون بن زاید النہیان کو کونسل کا چیئرمین اور ابوظہبی کے ولی عہد اور ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین شیخ خالد بن محمد بن زاید النہیان کو وائس چیئرمین مقرر کیا ہے۔

قرارداد میں خلدون خلیفہ المبارک، جاسم محمد بو عتبہ الزابی، فیصل عبدالعزیز البنائی اور پینگ ژاؤ کو بھی کونسل کا ممبر مقرر کیا گیا ہے۔ کونسل کا قیام مستقبل کی معیشت کی تعمیر میں تکنیکی قیادت کی اہمیت پر پختہ یقین کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ کونسل مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ابوظہبی کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے مقامی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر منصوبے اور تحقیقی پروگرام تیار کرے گی۔ یہ ابوظہبی کی اس حکمت عملی کی تکمیل کرتا ہے کہ امارات کو اس شعبے میں سرمایہ کاری، شراکت داری اور ٹیلنٹ کے لیے دنیا کے ایک اہم مرکز کے طور پر کھڑا کیا جائے۔

کونسل کا قیام متحدہ عرب امارات کے صدر عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے جرات مندانہ وژن اور مستقبل کے شعبوں کی اہمیت پر زور دینے کی دانشمندانہ ہدایات کا مظہر ہے۔ کونسل ہائیڈرو کاربن کے بعد کی معیشت کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کو بڑھانے اور یقینی بنانے میں اپنا حصہ ڈالے گی۔

ترجمہ: ریاض خان