ابوظہبی، 23 جنوری، 2024 (وام) ۔۔ایج گروپ (ایج) نے اپنی کمپنیوں کے پورٹ فولیو میں انٹرنیشنل گولڈن گروپ (آئی جی جی) کی شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ ابوظہبی کی آئی جی جی اعلی درجے کی دفاعی سپلائیز اور سیکیورٹی سیلوشنز کے لیے یو اے ای کا سرکردہ ایجنٹ ہے۔
متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج، وزارت داخلہ، اور دیگر دفاعی اور سیکورٹی اداروں کا سرکردہ سپلائر ، آئی جی جی پیچیدہ سسٹمز کے اندر مقامی اور بین الاقوامی سطح پر طویل المدت اسٹریٹجک کاروباری شراکت داریوں کے حوالے سے معروف ادارہ ہے۔
ایج کے چیئرمین فیصل البنائی نے کہا کہ ہماری وسیع ترقی کی حکمت عملی کےتحت آئی جی جی کو ایج میں شامل کرنا متحدہ عرب امارات میں دفاعی صنعت کی صلاحیتوں کو محفوظ اور مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ ہمارے یہاں متحدہ عرب امارات اور بیرون ملک صارفین کو زیادہ سے زیادہ فوائد کی فراہمی اور متعلقہ صلاحیتوں کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے ہمارے عزم کی نشاندہی ہے۔
آئی جی جی کی صلاحیت سے ایج متحدہ عرب امارات کے اندر فوجی سامان اور خدمات کی تجارت کو مزید مستحکم کرسکے گا جس سے گروپ اور اس کے ملکی اور بین الاقوامی صارفین کو لاگت کے حوالے سے اہم فوائد حاصل ہوں گے۔
انٹرنیشنل گولڈن گروپ (پی جے ایس سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فاضل سيف الكعبی نے ایج کے ساتھ کوششوں میں شامل ہونے پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے دفاع، سیکورٹی اور دیگر شعبوں میں اختراعی سلیوشنز تیار کرنے میں متحدہ عرب امارات کی معروف کمپنی ایج کی کامیابیوں کے متاثر کن ٹریک ریکارڈکو اجاگر کیا۔ الکعبی نے اس بات پر زور دیا کہ ایج میں آئی جی جی کا اضافہ مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر دونوں گروپوں کی ترقی اور توسیع کی حکمت عملیوں کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے، جس کا مقصد دفاعی صنعتوں کے لیے ایک اہم عالمی مرکز کے طور پر متحدہ عرب امارات کی پوزیشن کو مضبوط کرنا ہے۔
آئی جی جی ملٹری سیلیوشنز کی ایک بڑی رینج فراہم کر سکتا ہے جس میں ہتھیاروں اور گولہ بارود کی تمام بڑی اقسام، ٹینک اور کثیر المقاصد فوجی گاڑیاں، بحری جہاز، ریڈار اور کمیونیکیشن سسٹم، فیلڈ ہسپتال، کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم، ملٹری ٹریننگ رینجز، نائٹ ویژن اور نگرانی کے نظام انسداد فسادات کا سامان، زمینی اور سمندری حفاظتی رکاوٹیں، فوجی یونیفارم شامل ہیں۔ خدمات میں مشاورتی خدمات، فوجی گاڑیوں کی دیکھ بھال اور اپ گریڈیشن، فوجی و سیکیورٹی کی تربیت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی خدمات، نیز سسٹم انٹیگریشن، تکنیکی مدد، نیویگیشن، ہوائی ٹریفک کنٹرول، تحفظ اور حفاظتی خدمات شامل ہیں۔
ترجمہ۔تنویرملک