دبئی، 24 جنوری، 2024 (وام) ۔۔دبئی میونسپلٹی نے سوق الفریج کے اپنے دوسرے ایڈیشن کی شاندار کامیابی کا اعلان کیا، یہ ایک منفرد اقدام ہے جس کا مقصد چھوٹے اور گھریلو کاروباری افراد کو ان کی مصنوعات کو فروغ دینے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ ایونٹ میں 1لاکھ 57ہزار سے زیادہ زائرین نے شرکت کی جوپہلے سیزن کے 95ہزار شرکا سے 50 فیصد کا نمایاں اضافہ ہے۔
21 جنوری 2024 کو اختتام پذیر ہونے والے سوق الفریج کی تقریبات کے دوران 15 سے 31 دسمبر 2023 تک الورقاء پارک 3 میں43ہزار564 شرکا نے جبکہ 5 جنوری سے 21جنوری تک البرشاء پونڈ پارک میں 1لاکھ 13ہزار733 شرکا کی کثیت تعداد نے شرکت کی۔
دبئی میونسپلٹی کے محکمہ پبلک پارکس و تفریحی سہولیات کے ڈائریکٹر احمد الزرعونی نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چھوٹے کاروباری اداروں کے لیے تجارتی مواصلاتی چینلز بنانے کے لیے میونسپلٹی کے عزم کااعادہ کیا۔
الزرعونی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نوجوان شہریوں کو اپنے پروجیکٹس لگانے اور متحدہ عرب امارات کی گھریلو مصنوعات کو عوامی مقامات پر پیش کرنے کی ترغیب دینا بھی ہے۔ یہ دانشمند قیادت کی ہدایات اور وژن کے ساتھ ساتھ اعلیٰ کمیٹی برائے ترقی و شہری امور کے طے کردہ اہداف سے ہم آہنگ ہے۔ اس کا بنیادی مقصد شہریوں کو جامع مدد فراہم کرنا اور نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کرنا ہے۔
الزرعونی نے کہاکہ دوسرے سیزن میں سوق الفریج کا غیر معمولی ٹرن آؤٹ دبئی میونسپلٹی کی طرف سے رہائشیوں کو فراہم کردہ حمایت اور حوصلہ افزائی کی نشاندہی کرتا ہے،یہ دبئی میونسپلٹی کے پرکشش باغات اور تفریحی جگہوں کو تیار کرنے کے عزم کا حصہ ہے، جو رہائشیوں اور سیاحوں کی فلاح و بہبود اور خوشی کے معیارات بہتر کرنے کی کوشش ہے۔ ان کوششوں کا مقصد دبئی کی دوستانہ شہر کے طور پر پوزیشن کو مسلسل بہتر کرنا ہے۔
سوق میں کاروباری افراد کی شرکت کو آسان بنانے کے لیے، دبئی میونسپلٹی نے سائٹ پر لاجسٹک سہولیات اور مصنوعات کی نمائش کے لیے مفت پلیٹ فارم جیسی متعدد رعایتیں پیش کیں۔
ترجمہ۔تنویرملک